عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں خون خرابہ رکوائے، تنازعہ پر ریفرنڈم کرایا جائے: سرتاج عزیز
اسلام آباد (صباح نیوز) مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری خون خرابہ روکوانے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے، اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر پر ریفرنڈم کرایا جائے، مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور کشمیر کی قیادت کے ساتھ مذاکرات کیلئے بھارت پر مذاکرات کیلئے دبائو بڑھ رہا ہے، بھارتی قابض افواج نے برہان مظفر وانی کی شہادت سے اب تک ڈیڑھ سو کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا اور 20ہزار شدید زخمی ہیں جبکہ کئی کشمیری مکمل یا جزوی طور پر نابینا ہو چکے ہیں۔ بھارت نے اقوام متحدہ کے ہیومن رائٹس کمشن، انسانی حقوق کے گروپوں، بین الاقوامی آزاد میڈیا کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی دینے سے انکار کر رکھا۔ 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے دفترخارجہ سے جاری اپنے بیان میں سرتاج عزیز نے کہا کہ 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کی اس سال خصوصی اہمیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1990سے جب سے کشمیریوں کی پرامن جدوجہد دوبارہ شروع ہوئی اس وقت سے اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اب جان چکی ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی تحریک وہاں کے مقامی نوجوانوں کی تحریک ہے جو بھارتی حکومت کی غلط کوششوں کی وجہ سے مزید مضبوط ہوچکی ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناست کو تبدیل کرنے کی غیر قانونی کوششیں کررہا ہے اور اقلیتوں کو حقوق دینے میں ناکام رہا ہے۔ آخر میں سرتاج عزیز نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل 2017کو امن کا سال قرار دے چکے ہیں اور لائن آف کنٹرول تشدد کے حوالے سے خطرناک مقام ہے۔ بین الاقوامی برادری کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری خون خرابے کو روکوانے کیلئے فوری موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔