پانامہ کیس کا فیصلہ خلاف ہوا تو عمران پھر سڑکوں پر آ جائینگے: جاوید ہاشمی
ملتان (این این آئی) سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف میں شاہ محمود قریشی اور اسد عمر سمیت وزیراعظم کے چار سے 5 امیدوار ہیں، پاناما کیس کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کی سیاست پر اثرات مرتب کریگا۔ فیصلہ خلاف آنے پر عمران خان ایک بار پھر سڑکوں پر آئیں گے۔ دھرنوں کے دوران جنرل راحیل شریف نے عمران خان کو صرف چار سے پانچ منٹ کیلئے سنا، طاہرالقادری سے ملاقات 35 منٹ تک جاری رہی، عمران خان واپسی پر مایوس تھے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان دھرنے کے دوران جنرل راحیل شریف کے ساتھ ملاقات سے خوش نہیں تھے کیونکہ اس وقت کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے انہیں صرف 4 یا 5 منٹ کیلئے سناجبکہ طاہر القادری کو 35 منٹ دئیے تاہم وہ اس بات سے مطمئن تھے کہ آرمی چیف نے نوازشریف کے حوالے سے ضمانت دی۔ جاوید ہاشمی نے کہاکہ وہ عمران خان کی سیاست کے طریقہ کارسے مایوس تھے کیونکہ وہ خود نہیں چاہتے کہ پی ٹی آئی مضبوط جماعت بنے، صرف ون مین شوہے، کور کمیٹی اور سی ای سی صرف دکھاوے کیلئے ہیں۔ عمران خان انہیں کوئی اہمیت نہیں دیتے تاہم اسکے باوجودکچھ رہنما انکے ساتھ ہیں کیونکہ پی ٹی آئی میں شاہ محمود، اسد عمر سمیت وزیراعظم کے عہدے کیلئے چارسے پانچ امیدوار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب میں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی توعمران خان کے ساتھ گاڑی میں تھا، میں نے یہ بات نوٹ کی کہ عمران خان کہیں سے ایڈوائس لے رہے تھے۔ میں نے ان سے کہاکہ پارٹی کی مشاورت سے فیصلے کئے جائیں لیکن انہوں نے کہاکہ ہاشمی صاحب، میں ایک پارٹی ہوں، میں انکی اس سوچ کی وجہ سے میں مایوس ہوا تاہم میں نے احسن اندازسے پارٹی امورچلانے کیلئے اپنی تمام ترکوششیں کیں لیکن ناکام رہا۔ مسلم لیگ (ن) میرے خاندان کی طرح ہے اور شاید اگلے الیکشن میں میں اپنے خاندان کے ساتھ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوجائوں لیکن ابھی تک اس بارے مشاورت کر رہا ہوں۔ پانامہ کیس کے حوالے سے جاوید ہاشمی نے کہاکہ انکے نکتہ نظر میں حسن اور حسین نواز کو آف شور کمپنیوں میں سرمایہ نہیں لگانا چاہئے تھا لیکن انہوں نے وزیراعظم کادفاع کیا اور کہا کہ ان کانام پانامہ میں شامل نہیں۔