• news

واشنگٹن: سلیم مانڈوی والا کی آئی ایم ایف ‘ یو ایس ٹریژری حکام سے ملاقاتیں

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے آئی ایم ایف مشن سربراہ ہیرالڈ فنگر سے واشنگٹن میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے ہیرالڈ فنگر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر بیرونی قرضوں کا دبائو بڑھتا جا رہا ہے ۔ اگلے سال تک پاکستان کو 11 ارب ڈالرز کا غیر ملکی قرضہ واپس کرنا ہے۔ پاکستان کو قرضے واپس کرنے کے لیے برآمدات میں اضافہ کرنا ہوگا ۔ برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافے سے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم رہیں گے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پاکستان کو سی پیک منصوبے سے مکمل فائدہ حاصل کرنیکی ضرورت ہے۔ سی پیک منصوبوں پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔ سی پیک منصوبوں میں تاخیر سے معیشت متاثر ہو گی۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے یو ایس ٹریژری کے حکام سے بھی ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر ان کاکہنا تھا کہ پاکستان میں کالعدم تنظیموں پر لگائی گئی پابندی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کر رہا ہے۔ کالعدم تنظیم کے عہدیداروں کو آزادانہ گھومنے پھرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن