اقتدار کے نشے میں چُور ہو کر غیر اخلاقی دھمکیوں کا کوئی جواز نہیں‘ خورشید شاہ
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ جمہوریت تحمل‘ بردباری اور برداشت کا نام ہے اور عابد شیر علی کا یہ بیان کہ وہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی سے جسمانی طور پر نمٹ لیں گے۔ جمہوری‘ اخلاقی اور قانونی قدروں کے منافی ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ جمہوریت ہمیں برداشت اور تحمل سکھاتی ہے اور برسراقتدار پارٹی کے سربراہ اور اراکین پر یہ دوہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپوزیشن کے برعکس زیادہ برداشت اور زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایوان کے اندر اور باہر جمہوری قدروں کے منافی کوئی بات نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے آمریت کی بے جا اور ظالمانہ سختیاں جھیلی ہیں اور تب نہ ہم تیس مار خان بنے اور نہ شیر پنجاب۔ انہوں نے کہا ہماری عزت اور بڑا پن جمہوری قدروں کی پامالی میں نہیں بلکہ جمہوری اور رویوں کے فروغ میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقتدار آنی جانی چیز ہے اور اقتدار کے نشے میں چور ہو کر غیرقانونی اور غیر اخلاقی دھمکیوں کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ انہوں نے کہا کہ عابد شیر علی کو بڑے پن کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور اپنے حالیہ جارحانہ بیان پر‘ جس میں انہوں نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی سے جسمانی طور پر نمٹنے کی دھمکی دی ہے‘ معذرت کرتے ہوئے اپنے الفاظ واپس لینے چاہئیں۔