• news

سیلز ٹیکس جمع کرنے کے اختیارات صوبوں کو دیئے جائیں: مراد علی شاہ

کراچی (وقائع نگار)وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہا ہے کہ این ایف سی پر سندھ کا موقف واضح ہے سیلز ٹیکس جمع کرنے کے اختیارات صوبوں کو دیئے جائیں کراچی میں بلاتفریق ترقیاتی کام کرینگے۔ یہ بات انہوںنے ہفتہ کو سی پی این ای (CPNE ) کے وفد سے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں صدر ضیاء شاہد، سیکریٹری جنرل اعجاز الحق ، سینئر نائب صدر شاہین قریشی، نائب صدر سندھ عامر محمود، نائب صدر پنجاب رحمت علی رضی، نائب صدر بلو چستان انور ساجدی ،سی پی این ای سٹینڈنگ کمیٹی کے ممبران وامق اے زبیری امتیاز عالم،قاضی اسد عابد، صدیق بلوچ اور ڈاکٹر جبار خٹک، امتیاز عالم،سعید خاور اور دیگر شریک تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے سی پی این ای کے وفد کو خوش آمدید کہا ۔ انہوںنے کہاکہ کراچی سرکلر ریلوے (KCR )پر کام ستمبر اور اکتوبر میں شروع ہو جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ سندھ کا این ایف سی (NFC) پر واضح موقف ہے۔انہوںنے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ سیلز ٹیکس اور گڈز کو جمع کرنے کی پاور صوبوں کو دی جائے،باقی وفا ق خود ہم سے جمع کیا ہوا سیلز ٹیکس اورگڈز کا پیسہ لے کر تقسیم کرے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ صوبے صارفین کے قریب ہیں اور بہتر جمع کر سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کو محکمہ بلدیات کی گذشتہ سالوں کی آڈٹ کرانے کا مشورہ دیا گیا۔ انہوںنے سی پی این سی کے دوستوں کو مشورہ دیا کہ اندرونِ سندھ کا لفظ استعمال نہ کریں، اندرونِ سندھ اور بیرونِ سندھ کیا ہے، آپ دیہی اور شہری کہہ سکتے ہیں۔ قبل ازیں۔ انہوںنے ہفتہ کو نیا ناظم آباد جمنازیم میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہماری نیک تمنائیں کراچی کنگز کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ آئندہ پی ایس ایل کا فائنل کراچی میںہو۔ اس موقع پر عارف حبیب نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیا ناظم آباد میں ابتدائی طور پر 500 ایکڑ پر کام شروع کر دیا گیا ہے اور کرکٹ کے بعد فٹ بال اور ہاکی سٹیڈیم کا بھی پلان ہے اور اسٹیٹ آف آرٹ سٹیڈیم بھی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے صوبوں اور وفاق میں معاون خصوصی اور مشیر ہیں ،ہمارے ساتھ بھی دوسرے صوبوں اور وفاق جیسا رویہ رکھا جائے ۔ سیدمراد علی شاہ نے کہا کہ اب ہم کام کر کے دکھائیں گے لیکن معاون خصوصی اور مشیروں کو ہٹانے کی وجہ سے مسائل ہیں۔ انہوںنے مزید کہاکہ ملیر اسٹیل ٹائون اور دیگر مضافاتی علاقوں کو بھی ترقی دلائی جائے گی ، اگلے سال کا ترقیاتی پلان ہم ابھی سے ہی بنا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہاکہ شاہراہ فیصل کی مرمت کی جارہی ہے اور اس تکلیف پر عوام سے معذرت خواہ ہوں ۔اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ نے گرائونڈ کا معائنہ کیا اور کراچی کنگز کی ٹیم سے ملاقات کی۔

ای پیپر-دی نیشن