پاکستان میں کوئی آمریت کا ساتھ دینے کو تیار نہیں: نثار کھوڑو
لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور سینیئر صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ آمروں نے نہیں چاہا کہ عوام کا فیصلہ اعلیٰ اور ملک میں جمہوری عمل جاری رہے، ملکی تاریخ میں 70ء کی دہائی کے بعد عوامی فیصلے کے مطابق جمہوری حکومتوں نے اپنی آئینی مدت پوری کررہی ہے، اب آمر کچھ نہیں رہے، پرویز مشرف کو بیرون ملک میں چھپ کر بیٹھے ہیں اگر وہ ملک آتے ہیں تو اس کے ساتھ چند لوگوں کے علاوہ کوئی ساتھ نہیں ہوگا تب بھی کچھ سیاستدان ایمپائر کی انگلی اٹھانے کا انتظار کر رہے ہیں۔ لاڑکانہ شہر کے دڑی محلہ میں سماجی شخصیت انجینئر جاوید شیخ کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کے موقع پر جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نثار احمد کھوڑو نے مزید کہا کہ لندن میں بیٹھے ہوئے ایک رہنما کی پارٹی آج تین حصوں میں تقسیم ہو چکی ہے، نواز شریف کا کردار عوام کے سامنے ہے، وہ ماضی میں گرفتار ہونے کے بعد سابق آمر کے سامنے ٹکنے کے بجائے ایک دن میں لیٹر جاری کرکے راتوں رات بیرون ملک چلے گئے اور دس سال تک سیاست سے دور رہے لیکن پھر بھی ملک واپسی پر نواز شریف عام انتخابات کے بائیکاٹ کے لیے تیار تھے لیکن شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے انہیں سمجھا کر انتخابات میں حصہ لینے پر رضامند کرلیا۔ تقریب سے رکن سندھ اسمبلی خورشید جونیجو، خیر محمد شیخ، ڈاکٹر نظیر شیخ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔