وزیراعظم بہت جلد پشاور کیلئے میگا پراجیکٹس کا اعلان کرینگے: امیر مقام
پشاور (این این آئی) وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیرمقام نے کہا ہے کہ بہت جلد وزیراعظم میاں محمد نواز شریف آکر یہاں کیلئے میگا پراجیکٹس کا اعلان کرینگے۔ پشاور میں حقیقی تبدیلی لائینگے۔ سوئی گیس اور بجلی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیںگے، انشاء اللہ پشاور میں اسلام آباد اور لاہورکی طرح میٹرو بس منصوبے کا بھی آغاز کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر ممبر صوبائی اسمبلی ضیاء اللہ آفریدی کی قیادت میں پشاور شہر کی 300رکنی وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ممبر صوبائی اسمبلی ضیاء اللہ آفریدی نے حلقہ PK-1 اور پشاورکے دیگر مسائل کی طرف توجہ مبذول کرائی جس پر انجینئر امیر مقام نے مسائل کی فی الفور حل کی یقین دہانی کرائی۔ بعدازاں انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت واپڈا ہائوس پشاور میں بھی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو پیسکو انوارالحق، چیف انجینئر آپریشن، سپرنٹنڈنٹ انجینئر سوات سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔