اسلام آباد: ناکے پر کار سوار نوجوان کو گولی مارنیوالے دونوں کانسٹیبلوں نے گرفتاری دیدی
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+نیٹ نیوز+ آن لائن) اسلام آباد کے علاقے آئی ٹین ناکے پر فائرنگ کر کے کار سوار نوجوان تیمور کو قتل کرنے والے تھانہ سبزی منڈی کے کانسٹیبل سمیع اللہ نے اتوار کے روز ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد ساجد کیانی کے سامنے گرفتاری دیدی۔ ملزم کو آج عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائیگا۔ کانسٹیبل ملزم سمیع اللہ نیازی نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ اس نے آئی ٹین ناکے پر سفید رنگ کی کرولا گاڑی کو تیز رفتاری سے آنے پر روکا لیکن ڈرائیور نے گاڑی نہ روکی جس پر اس نے گاڑی روکنے کیلئے ٹائروں پر فائر کیے جو نہیں لگے۔ تیسرا فائر ڈرائیور کو جا لگا جس سے گاڑی بے قابو فٹ پاتھ پر چڑھ گئی جبکہ ہومیسائیڈ یونٹ کو دئیے گئے بیان میں مقتول تیمور ریاض کی فیس بک فرینڈ سونیا نے بتایا کہ اس کی تیمور کے ساتھ 3 سال سے دوستی ہے، ہم دونوں کار میں سوار سبزی منڈی کی طرف سے آئے، تیمور گاڑی تیز چلا رہا تھا، ہم دونوں نے جمعرات کی رات کھانا بھی اکٹھے کھایا تھا، تیمور ریاض گاڑی تیز چلاتے ہوئے ناکے سے نکلا اس دوران فائرنگ ہوگئی۔ لڑکی کو پولیس نے بیان لینے کے بعد رہا کر دیا۔ کانسٹیبل سمیع اللہ نے حکام کو بتایا کہ فائرنگ میں طارق کا کوئی کردار نہیں۔ دوسری طرف اسلام آباد میں پولیس فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت کے بعد ناکوں پر اقدامات کیلئے ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا۔ مشکوک گاڑی بھاگنے کی صورت میں صرف ٹائر پر فائر کرنے کی اجازت ہو گی۔ گاڑی نا رکنے کی صورت میں وائرلیس کے ذریعے دیگر ناکوں کو اطلاع دی جائے گی، ناکوں پر اقدامات کیلئے ہدایت نامے میں کہا گیا کہ پولیس افسروں اور اہلکاروں کو ڈیوٹی سے قبل بریفنگ دی جائے۔ گاڑی نا رکنے کی صورت میں وائرلیس کے ذریعے دیگر ناکوں کو اطلاع دی جائے۔ کسی مشکوک شخص پر سیدھے فائر کی اجازت کراس فائرنگ کی صورت میں ہوگی۔ آج سے شہر کے ساٹھ سے زائد داخلی اور خارجی راستوں پر ہدایت نامے کا اطلاق ہوگا۔ دریں اثنا رات گئے تیمور قتل کیس میں ملوث دوسرے ملزم کانسٹیبل طارق نے بھی گرفتاری دیدی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملزم طارق نے تھانہ سبزی منڈی میں گرفتاری دی۔