• news

عافیہ پر حکومتی چپ، شکیل آفریدی کی رہائی کی خبریں، تشویشناک ہیں: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)14سال سے امریکی قید ناحق میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے امریکی اور پاکستانی میڈیا میں شائع ہونے والی ان خبروں پر تشویش کا اظہار کیا ہے جس کے مطابق حکومت پاکستان غدار وطن شکیل آفریدی کو امریکہ کے حوالے کرنے کی تیاریاں کررہی ہے۔ عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں ڈاکٹر فوزیہ نے کہا ہے کہ حکومت سے پوری پاکستانی قوم عافیہ کی وطن واپسی کیلئے ایک خط لکھنے کا مطالبہ کر کرکے تھک گئی لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہوئی۔ اب ایک امریکی نیوز چینل کی رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو بھول گئی ہے اور حکمران ذاتی مفادات کے تابع ہو گئے ہیں۔ شکیل آفریدی کے حوالے سے قوم کی متفقہ رائے ہے کہ وہ ملک دشمن ہے لیکن عافیہ صدیقی کے بارے میں پوری پاکستانی قوم یکسو ہے کہ وہ نہ صرف بے گناہ ہے بلکہ اس کی واپسی سے قوم کا وقار بلند ہوگا۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیںاور عافیہ کو وطن واپس لاکر قوم کا وقار بلند کریں۔انہوں نے قومی سیاسی جماعتوں کے قائدین سے بھی اپیل کی کہ قوم کی بیٹی کی جلد از جلد رہائی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

ای پیپر-دی نیشن