• news
  • image

ملتان: 5 دہشت گرد لاہور، چنیوٹ، منکیرہ میانوالی میں سرچ آپریشن، 185 مشتبہ افراد گرفتار

ملتان/ لاہور/ چنیوٹ (نوائے وقت نیوز + صباح نیوز + نامہ نگاران) سی ٹی ڈی نے ملتان میں کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گرد گرفتار کرلئے جبکہ لاہور، منکیرہ، میانوالی اور چنیوٹ میں سرچ آپریشن کے دوران 24 افغان باشندوں سمیت 185 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ تفصیل کے مطابق سی ٹی ڈی نے ملتان کے علاقے شاہو چوک میں کارروائی کرکے 5 دہشت گرد گرفتار کرلئے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گردوں سے 5 دستی بم، چالیس عمارتوں کے نقشے اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ دہشت گرد چالیس عمارتوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ لاہور کے علاقہ ہنجروال گائوں اور ملحقہ آبادیوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 900 افراد کو چیک کیا گیا۔ پولیس کے مطابق 100 افراد کی شناختی دستاویزات نامکمل یا مشکوک تھیں جس پر انہیں گرفتارکر لیا گیا اور مختلف تھانوں میں منتقل کر دیا گیا۔ ساندہ پولیس نے کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور دیگر قانون نافذ کرنے والوں اداروں کے ہمراہ افغان کالونیوں میں سرچ آپریشن کئے اور شناختی کوائف مکمل نہ ہونے پر 24 مشتبہ افغانیوں کو حراست میں لے لیا۔ چنیوٹ پولیس نے سکیورٹی اداروں کے ہمراہ ضلع کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔ سرچ آپریشن کے دوران 200 سے زائد مشکوک افراد کی بائیو میٹرک ڈیوائسز سے اور فزیکل چیکنگ کی گئی۔کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی،ناجائز اسلحہ اور منشیات برآمد ہونے پر 5 جبکہ 23 مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس اور حساس اداروں کی ٹیم نے منکیرہ کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران 11مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ تھانہ کمرمشانی کے علاقہ کمرمشانی شہر، دینی مدارس، افغان مہاجرین کی خیمہ بستیاں، ہوٹل سرائے میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ دوران سرچ آپریشن 55 گھروں کو سر چ کیا گیا اور 30 افراد کی بائیومیٹرک تصدیق کی گئی۔ 27 مشکوک افراد کو زیر حراست لیا گیا۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن