• news

لاہور: لاکھوں کی وارداتیں‘ قصور میں مزاحمت پر ایک شہری قتل‘ دوسرا زخمی

لاہور + قصور + مریدکے (سٹاف رپورٹر + نامہ نگاران + نمائندہ نوائے وقت) لاہور میں مختلف وارداتوںکے دوران شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی‘ زیورات و قیمتی سامان سے محروم کر دیا گیا۔ مزاحمت پر ایک شہری کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔ قصور میں مزاحمت پرایک شخص کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا جبکہ ایک شہری زخمی ہو گیا۔ مریدکے میں کروڑوں روپے کا چمڑہ لوٹ کر فرار ہونے والے 8 افغان ڈاکوئوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ ڈاکوئوں نے گوالمنڈی کے علاقہ میں شہری سلیم کو لوٹنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر گولی مار دی جبکہ موبائل نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔ ڈاکوئوں نے تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ چونگی امرسدھو میں سلیم اختر کے گھر میں اہل خانہ کو یرغمال بنا کر ایک لاکھ 44 ہزار کی نقدی و موبائل‘ سبزہ زار کے علاقہ میں منیر قادری کی دکان سے 18 ہزار کی نقدی و موبائل‘ اقبال ٹائون کے علاقہ میں صائمہ سے 5 لاکھ 30 ہزار کی نقدی و زیورات‘ لٹن روڈ کے علاقہ میں زبیر اور فیملی سے 2 لاکھ 33 ہزار کی نقدی و موبائل‘ گجرپورہ میں شہباز سے 68 ہزار کی نقدی و موبائل‘ شمالی چھائونی میں احمد رضا سے 58 ہزار کی نقدی و موبائل‘ سمن آباد میں ریاض سے 28 ہزار کی نقدی و موبائل‘ کوٹ لکھپت کے علاقہ میں غفور سے 2 لاکھ 10 ہزار کی نقدی و زیورات‘ گلشن راوی کے علاقہ میں علی سے ایک لاکھ 22 ہزار مالیت کی نقدی و موبائل‘ شادباغ کے علاقہ میں عبداللہ سے 83 ہزار کی نقدی و موبائل لوٹ لیا جبکہ اقبال ٹائون نرگس بلاک میں چور جبار کے گھر سے 21 لاکھ کی نقدی‘ زیورات لے گئے۔ ہربنس پورہ میں خالد کی گاڑی‘ شاہدرہ میں تنویر‘ گلشن راوی میں عظیم اور ماڈل ٹائون میں احمدرضا کی موٹرسائیکلیں چوری کر لی گئیں۔ ادھر قصور میں کھڈیاں کے نواحی گائوں شیرکوٹ کے نزدیک دو ڈاکوئوں نے مزاحمت کرنے پر اندھا دھند فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک جبکہ دوسرے کو شدید زخمی کر دیا۔ مختیار احمد اپنے بہنوئی منشاء کے ہمراہ جس کی چند روز بعد شادی ہونا تھی‘ بنک کھڈیاں سے دو لاکھ روپے کی رقم نکلوا کر اپنے گائوں شیر کوٹ جا رہے تھے کہ راستے میں 2 ڈاکوئوں نے ان سے رقم چھیننے کی کوشش کی جس پر انہوں نے مزاحمت کی جس پر ڈاکوئوں نے ان پر اندھادھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں مختار ہلاک جبکہ منشاء شدید زخمی ہو گیا۔ ڈاکو رقم چھین کر فرار ہوگئے۔ واقعہ کے خلاف اہل علاقہ نے دیپالپور روڈ بلاک کرکے شدید احتجاج کیا۔ ادھر مریدکے میں جی ٹی روڈ پر لیدر فیکٹری میں 15 ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر سکیورٹی گارڈکو رسیوں سے باندھ کر ایک کمرے میں بند کر دیا اور کروڑوں روپے مالیت کا قیمتی چمڑہ دو مزدا ٹرکوں میں لوڈ کرکے فرار ہوگئے۔ پولیس نے رپورٹ پر فوری عمل کرتے ہوئے وائرلیس پر تمام راستوں پر ناکہ بندی کروادی جس کے نتیجے میں یہ دونوں ٹرک کامونکی پولیس ناکے پر پکڑے گئے اور پولیس نے آٹھ افغانی ڈاکوئوں سمیت مال مسروقہ بھی برآمد کرلیا۔

ای پیپر-دی نیشن