حکومت حافظ سعید کا جرم بتائے‘ بیرونی ڈکٹیشن پر نظربندیاں درست نہیں: مذہبی و سیاسی رہنما
لاہور( خصوصی نامہ نگار)مختلف مذہبی و سیاسی رہنمائوں اور دانشور حضرات نے جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کی نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت حافظ محمد سعید کا جرم بتائے،بیرونی ڈکٹیشن پر جماعۃ الدعوۃ کے رہنمائوں کی نظربندیاں درست نہیں۔حکمران بیرونی قوتوں کی غلامی سے نکلیں اور ملکی مفاد میں آزادانہ فیصلے کریں۔ حافظ محمد سعید و دیگررہنمائوں کی نظربندی سے کشمیریوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔بھارت حافظ محمد سعید کی نظربندی سے خوش نہیں اور امریکہ کی طرح ڈو مور کے مطالبات کر رہا ہے،حکومت پاکستان کو بھارتی و امریکی دبائو میں آنے کی بجائے کشمیری وپاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کرنی چاہئے۔حافظ محمد سعید محب وطن شہری ہیں اور ملک بھر میںتعلیم،صحت ،ریسکیو اور خدمت خلق کے میدان میں کام کر رہے ہیں۔حکومت کو اپنا فیصلہ واپس لے کر تحریک آزادی کشمیر کو مضبوط کرنا چاہئے۔ان خیالات کا اظہارسابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان ،جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ،سینیٹر پروفیسر ساجد میر،شاہ زین بگٹی،اجمل خان وزیراور حافظ عبدالغفارروپڑی نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ حافظ محمد سعید محب وطن شہری ہیں جوکشمیریوں کی آزادی کے لئے بھر پور تحریک چلا رہے ہیں۔ان کی نظربندی میں بھارتی دبائو ہے اور بھارت کے مطالبات کی لمبی فہرست ہے جسے حکومت پاکستان کبھی بھی پورا نہیں کر سکے گی اور کوئی بھی محب وطن ، کشمیر کے لئے آواز بلند کرنے والا نہیں بچے گا۔ مرزا اسلم بیگ نے کہاکہ جماعۃالدعوۃ ایک رفاہی تنظیم ہے جس کی رفاہی و فلاحی سرگرمیوں کا ایک نیٹ ورک موجود ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ آج جماعۃالدعوۃ جو کام کر رہی ہے بھارت کو اس کی بہت تکلیف ہے۔جماعۃالدعوۃ نے سال 2017ء کو کشمیر کے نام کیا اور کشمیریوں کے حق میں تحریک چلائی۔ میں سمجھتاہوں کہ حالیہ نظربندیاں اس تحریک کو روکنے کی کوشش ہیں۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث کے امیر سینٹرپروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ حکومت کو عجلت میں فیصلے نہیں کرنے چاہئیں، بغیر کسی جرم کے کسی بھی شہری کو نظر بند یا حراست میں نہیں رکھا جاسکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بھارتی فلموں کی نمائش کی اجازت کا فیصلہ واپس اور حافظ محمد سعیدودیگر رہنمائوں کی نظر بندی ختم کرے۔شاہ زین بگٹی نے کہا کہ حافظ محمد سعید کی نظر بندی کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔آج کشمیری کیا محسوس کیا کر رہے ہوں گے ۔حکمران خود کو کشمیر ی کہتے ہیںلیکن انہوں نے امریکہ و بھارت کو خوشنودی کیلئے انہیں نظر بندکر دیا ہے۔ کمزور آدمی ملک کا وزیر اعظم نہیں ہونا چاہئے۔ اجمل خان وزیر نے کہا کہ جماعۃ الدعوۃ ملک میں رفاہی کام کر رہی ہے۔حافظ محمد سعید کی نظربندی حکومت کا غلط فیصلہ ہے۔ حافظ عبدالغفارروپڑی نے کہاکہ بھارت سے دوستی کی خواہش اور امریکی خوشنودی کے لئے حافظ محمد سعید کی نظر بندی کے احکامات کو درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔