ضرب عضب کراچی بلوچستان آپریشنز کا میابی تک جاری رہیں گے :صدر ممنون
کراچی (سٹاف رپورٹر)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ قومی ترقی کا سنگ میل ثابت ہوگا ۔قوم ترقی کا راستہ روکنے والوں کو مسترد کردے ۔ملک میں بجلی کی بھرپور پیداوار شروع ہوچکی ہے ۔آئندہ برس تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوجائیگا۔ آپریشن ضرب عضب،کراچی اور بلوچستان آپریشنز کامیابی تک جاری رہیں گے۔ملک میں اب کبھی دہشت گردی کا دور نہیں آئے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز فوجی فرٹیلائزر پاور پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔صدر ممنون حسین نے کہا کہ نجی ادارے بھی بجلی کی کمی پورا کرنے کے عمل میں شریک ہوچکے ہیں۔فوجی فرٹیلائزر پلانٹ سے 118 میگاواٹ بجلی کوئلے سے پیدا ہوگی۔فوجی فرٹیلائزر کی بجلی سے کراچی کی شہری آبادی بھی فائدہ اٹھا سکے گی۔ملک میں بجلی کی بھرپور پیدا وار شروع ہوچکی۔بجلی کی پیداوار میں اضافے سے ترقی کا عمل تیز ہوگا ۔ توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے حکومت نے موثر پالیسی بنائی ہے ۔آئندہ برس تک ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائیگا جس سے اقتصادی ترقی کا عمل مزید تیز ہوگا ۔پوری قوم ملک کی ترقی اور خوشحالی کے بارے میں یکسو ہوجائے۔حکومت زرعی شعبے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔کھاد سستی ہوئی اور گندم کی قیمت خرید میں اضافے سے کسان خوش حال ہوگا۔ اقتصادی راہداری قومی ترقی کا سنگ میل ثابت ہوگی۔اس منصوبے کے فعال ہونے سے ملک کی سیاسی اہمیت میں بھی اضافہ ہوگا ۔ اقتصادی راہداری کے روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ۔قوم ترقی کا راستہ روکنے والوں کو مسترد کردے ۔صدر نے کہا کہ کراچی اور فاٹا کے لوگ دہشت گردی سے بہت متاثر ہوئے، اب بہتری آئے گی۔انہوںنے کہا کہ سندھ کے نئے گورنر محمد زبیر کراچی اور سندھ کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔تقریب کے اختتام پر صدر مملکت نے پاور پلانٹ کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرنے والے افسروں اور کارکنوں میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے۔علاوہ ازیں ممنون حسین نے گورنر سندھ محمد زبیر عمر کو ہدایت کی ہے کہ تمام طبقات کو ساتھ ملاکر کراچی کی ترقی یقینی بنائی جائے ۔ یہ ہدایت انہوںنے گزشتہ روز گورنر سندھ محمد زبیر عمر سے ملاقات میںکی ۔ صدر ممنون نے کہا کہ مختلف مکاتب فکر میں اتفاق رائے کیلئے گورنر ہائوس اہم کردار ادا کرسکتا ہے اس لئے ضروری ہے کہ گورنر ہائوس سے کراچی کی ترقی کے لئے موثر خدمات لی جائے ۔ اس موقع پر صدر مملکت نے محمد زبیر کو گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔آئی این پی کے مطابق دہشت گردوں اور ان کے مالی معاونین اور دیگر جرائم کے خاتمے کیلئے ایف آئی اے کا دائرہ کار فاٹا تک پھیلا دیا گیا ، صدر ممنون حسین نے منظوری دیدی ، باضابطہ نوٹیفکیشن آئندہ چندروز میں جاری ہونے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق صدر ممنون حسین نے وزیر اعظم نوازشریف کی سفارش پر ایف آئی اے کا دائرہ کار فاٹا تک بڑھانے کی منظوری دیدی ہے۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں اور ان کے مالی معاونین اور دیگر جرائم کے خاتمے کیلئے فاٹا میں ایف آئی اے کو کارروائی کے اختیار کی اصولی منظوری دی گئی ہے ، ذرائع کے مطابق فاٹا اب نو گو ایریا نہیں رہے گا ، فاٹا اپنے اختیارات کے مطابق کارروائیاں کر سکے گی ۔