• news

پنجاب میں بسنت پر پابندی ہے اور رہے گی‘ خلاف ورزی ہوئی تو ڈی پی او ذمہ دار ہو گا: شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ شہباز شریف سے کمانڈر سپیشل سکیورٹی ڈویژن میجر جنرل عابدرفیق نے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ کو سی پیک منصوبے کے تحت موجودہ پراجیکٹس پر سکیورٹی انتظامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے مربوط سکیورٹی اقدامات پرسپیشل سکیورٹی ڈویژن کے مثالی کردار پر اطمینا ن کااظہارکیا۔ ملاقات میں سی پیک کے منصوبوں کی سکیورٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کیلئے گیم چینجرثابت ہورہا ہے ۔سی پیک کے عظیم الشان منصوبے کے تحت چین پاکستان میں 50ارب ڈالر کی تاریخ ساز سرمایہ کاری کررہا ہے ۔سی پیک ہم سب کی مشترکہ منزل ہے اوراس کا فائدہ پوری قوم کو پہنچے گا۔سیاسی و عسکری قیادت کے اجتماعی اقدامات کے باعث سی پیک کے منصوبوں پر حیران کن پیشرفت ہورہی ہے۔ منصوبوں پر کام کی رفتار بے مثال ہے۔ کئی منصوبے آج آسمانوں سے باتیں کررہے ہیں۔سی پیک نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھولی ہیں۔ منتخب نمائندوں سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے مسلم لیگ (ن) کے ساڑھے تین برس کا دور شفافیت کی گواہی دے رہا ہے اور اس عرصے کے دوران منصوبوں میں تیز رفتاری کو یقینی بنانے کے ساتھ اعلی معیار پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ حکومت نے کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ’’پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے‘‘پروگرام نے دیہی آبادی کیلئے آمدورفت کی جدید سہولتیں فراہم کی ہیں۔شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب کی سرکاری یونیورسٹیوں اور کالجوں میں جدید اور معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور لاہو رنالج پارک کے منصوبے کے حوالے سے مختلف امور پر ہونے والی پیشرفت پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب کی سرکاری یونیورسٹیوں اور کالجوں میں زیرتعلیم طلبا و طالبات کیلئے غیرملکی پروفیسرز کے آن لائن لیکچرز کا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ غیرملکی پروفیسرز کے آن لائن لیکچرز کے پروگرام کا پائلٹ پراجیکٹ فی الفور شروع کیا جائے گا اور اس پروگرام کو مرحلہ وار وسعت دیں گے۔ اٹلی کی معروف درسگاہوں کی جانب سے لاہو رنالج پارک کے منصوبے میں اپنے بین الاقوامی کیمپسز کے قیام میں دلچسپی کا اظہار خوش آئند ہے۔ شہبازشریف سے گزشتہ روزسندھ کے شیرازی برادران نے ملاقات کی۔ ٹوئٹر پر پیغام میں وزیراعلی نے کہا انسانی جانوں سے کسی کو کھیلنے نہیںدیں گے، پنجاب میں بسنت پر مکمل پانبدی ہے، خلاف ورزی پر متعلقہ ڈسٹرکٹ پولیس افسر ذمہ دار ہو ں گے۔

ای پیپر-دی نیشن