کراچی: مختلف واقعات میں 3 افراد قتل مکان سے بھاری اسلحہ برآمد
کراچی(کرائم رپورٹر) رینجرز نے لانڈھی نمبر3 میں ایک مکان پر چھاپہ مارکر بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔ رینجرز اطلاع ملی تھی کہ ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والے افراد نے مکان میں اسلحہ چھپایا ہے جو کراچی میں بدامنی پھیلانے اور ٹارگٹ کلنگ کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق جو اسلحہ برآمد کیا گیا اس میں ایک8 ایم ایم رائفل‘6 سیون ایم ایم رائفلیں‘ دو کلاشنکوفیں‘ ایک نائن ایم ایم پستول‘6 میگزین اور ایک ہزار19 رائونڈ شامل ہیں۔ دریں اثناء کراچی کے مختلف علاقوں میں پرتشدد واقعات میں خاتون سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔ خاتون کی دس دن پرانی نعش گلستان جوہر میں واقع رہائشی عمارت الشمس اپارٹمنٹ کے فلیٹ سے ملی۔ پولیس کے مطابق خاتون کی عمر تقریباً 30 سال تھی موت کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ۔ ادھرسٹیل ٹائون کے علاقے سومار گوٹھ میں نامعلوم افراد نے ایک شخص کو تشدد کرکے ہلاک کردیا‘ مقتول40 سالہ غلام نبی ولدجھنڈا خان کی کمیل میں لپٹی ہوئی لاش منگل کی صبح علی جس کے بعد پولیس نے لاش کو پوسٹمارٹم کے لئے جناح اسپتال پہنچایا۔ پولیس کے مطابق مقتول غلام نبی ڈیرہ بگٹی کا رہنے والا تھا اس کے علاوہ بلدیہ کے علاقے اتحاد ٹائون میں جھنگوی چوک کے قریب مکان سے بھی ایک شخص کی لاش ملی جسے گلاکاٹ کر ہلاک کیا گیا تھا مقتول کی شناخت 60 سالہ حضرت عمرکے نام سے ہوئی۔