اٹارنی جنرل سردار خان کا مبینہ قاتل کہاں گیا؟ زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا‘ عدالت عظمیٰ
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں سابق اٹارنی جنرل سردار خان قتل ازخود نوٹس کیس کی سماعت میں عدالت نے پنجاب کے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سے جامع انکوائری رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم روح اللہ افغانستان فرار ہوگیا ہے، افغانستان سے ملزموں کے تبادلہ کا معاہدہ نہیں ہے، انٹرپول کے توسط سے بھی کوشش کی جا رہی ہے، کیس میں ملوث ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور تھانہ گنج منڈی راولپنڈی میں مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ملزم آخر کہاں گیا اسے زمین نگل گئی یا آسمان کھا گیا؟ عدالت کیس کا شفافیت سے جائزہ لینا چاہتی ہے کیس گزشتہ پانچ سال سے چلا رہا ہے عدالت دیکھنا چاہتی ہے کہ ملوث افراد کے خلاف کیا محکمانہ اور کیا فوجداری کارروائی کی گئی؟