فاٹا اصلاحات کی منظوری حکومت کا بڑا کارنامہ ہو گا :آفتاب شیر پائو
بالٓاخر قومی اسمبلی کا39واں سیشن دو ہفتے جاری رہنے کا بعد منگل کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا منگل کو پرائیویٹ ممبرز ڈے تھا لیکن یہ بات خاص طور پر نوٹ کی گئی حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی اکثریت کو ایوان کی کارروائی میں کوئی دلچسپی نہیں۔ آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا کہ اگر فاٹا اصلاحات منظور ہو جاتی ہیں تو یہ موجودہ حکومت کا بہت بڑا کارنامہ ہوگا۔ صاحبزادہ طارق اﷲ نے کہا کہ حکومت نے فاٹا اصلاحات کے حوالے سے بہت اچھی رپورٹ ایوان میں پیش کی ہے، اس کو ایجنڈے سے ہٹانا قابل افسوس ہے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ فاٹا اصلاحات کے حوالے سے ہمیں وہ فیصلہ کرنا چاہئے جو فاٹا کے عوام کے مفاد میں ہو۔ اس دوران پی ٹی آئی کے رکن جنید اکبر خان نے ایوان میں کورم کی نشاندہی کر دی۔ ڈپٹی سپیکر نے گنتی کا حکم دیا، ارکان کی مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے پر قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔فاٹا ارکان نے وفاقی کابینہ اجلاس کے ایجنڈے سے فاٹا اصلاحات کے معاملے کو ڈراپ کرنے پر شدید احتجاج،فاٹا ارکان کے پارلیانی لیڈر شاہ جی گل آفریدی نے فاٹا اصلاحات کی پارلیمنٹ سے منظوری کیلئے 12مارچ 2017ء کی ڈیڈ لائن دیدی،انہوں نے اعلان کیا ہے کہ 12مارچ2017ء تک فاٹا اصلاحات منظور نہ کی گئیں تو فاٹا کے عوام پارلیمنٹ ہائوس کا گھیرائو کرکے حکومت کو کام کرنے سے روک دیں گے، مسلم لیگ (ن) لیگی رکن اسمبلی شہاب الدین نے ایوان میں منہ پر کالی پٹی باندھ کر کابینہ کے ایجنڈے سے فاٹا اصلاحات کو ڈراپ کرنے پر احتجاج کیا،جماعت اسلامی اور قومی وطن پارٹی نے بھی فاٹا ارکان کے مطالبے کی حمایت کردی،صاحبزادہ طارق اللہ اور آفتاب خان شیرپائو نے کہاکہ اگر فاٹا ارکان کا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو ہم بھی ان کے ساتھ کھڑے ہونگے، مسلم لیگ (ن)کے رکن اسمبلی بابر نواز نے ہوٹل کے بیروں اور اسمبلی کے کلاس فور ملازمین کو شیروانی اور جناح کیپ پہنانے کو قومی لباس کی توہین قراردے دیا جب کہ شفقت محمود،شازیہ مری اور یوسف تالپور نے بابر نواز کے بیان کو کلاس فورملازمین کی توہین قراردیا۔ملک ابرار نے ایوان میں پانی کی قلت کا مسئلہ اٹھایا اور کہاکہ خانپور واٹر سپلائی فیز تھری پر 12سالوں سے کام مکمل نہیں ہوا،اب جب 80فیصد کام ہوگیا تو وزارت اسے بند کرنا چاہتی ہے،راولپنڈی اور اسلام آباد میں پانی کی قلت ہے اگر یہ منصوبہ بند کیا گیا تو عوام سڑکوں پر ہونگے قومی اسمبلی نے تھیلے سیمیا کے مریضوں کے رشتہ داروں کے لئے لازمی خون ٹیسٹ بل 2017ء کی منظوری دے دی ہے ۔قومی اسمبلی نے پی ٹی وی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے حوالے سے قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ رانا محمد افضل خان نے کہا ہے کہ نئی مردم شماری کے لئے بنائے گئے فارم میں معذور افراد کا خانہ درج ہے، مردم شماری میں اگر کسی کمیونٹی کے متاثر ہونے کا امکان ہوا تو اس حوالے سے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ عام انتخابات میں عمومی نشستوں پر 10 فیصد ٹکٹ خواتین کو دینے کے لئے سیاسی جماعتوں کو پابند کرنے کا بل آئندہ نجی کارروائی کے دن تک ملتوی کر دیا گیا۔ قومی اسمبلی نے قومی کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن کی ریٹائرمنٹ کے 30 دن کے اندر نئی چیئرپرسن کے انتخاب کا بل متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ وزیراعظم یوتھ انٹرن شپ پروگرام کے انٹرنیز نے منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی دیکھی۔ مہمانوں کی گیلری میں آمد پر ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی اور ارکان نے ان کا خیرمقدم کیا۔