لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان میں 8 ہزار لٹر سے زائد ناقص دودھ ضائع
لاہور+ گوجرانوالہ (نیوزرپورٹر+ نمائندہ خصوصی) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مختلف ٹیموں نے وزیر خوراک بلال یاسین کی سر براہی میں دودھ کو معیار کو چیک کرنے کے لیے لاہور اور دیگر بڑے شہروں کے مختلف داخلی راستوں پرعلی الصبح ناکے لگائے اور موقع پر ہی دودھ میں ملاوٹ (ایل ۔آر،سٹارچ ،یوریا وغیرہ) کو ٹیسٹ کیا ۔مجموعی طور پر تمام شہروں میں تقریبا40 ہزار لیٹر دودھ کو چیک کیا گیا اور 7825 لیٹر ناقص دودھ موقع پر ضائع کر دیا گیا۔ لاہور میں 3100لیٹر، فیصل آباد میں 1225لیٹر، راولپنڈی میں 890 لیٹر اور ملتان میں 1150لیٹر ناقص دودھ تلف کیا گیا۔ وزیر خوراک بلال یٰسین اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے صبح 5بجے سگیاں پل پر ناکہ لگا کر شہر میں آنے والے دودھ کی چیکنگ کی اور 500لیٹر ناقص دودھ ضائع کر دیا گیا۔ دوسری طرف راوی پل پر ناکہ لگا کر تقریباً 600 لٹر دودھ غیر معیاری ہونے کی وجہ سے موقع پر ضائع کر دیا۔ دریں اثنا صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین نے کہا ہے کہ تین ماہ کے دوران پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے چیکنگ کے دوران ساڑھے تین لاکھ لیٹر سے زائد ناقص اور ملاوٹ شدہ دودھ ضائع کیا ہے جبکہ سینکڑوں ڈیری فارمز مالکان اور گوالوں کوبھاری جرمانے اور وارننگ جاری کی گئی ہیں۔دریں اثناء پنجاب فوڈ اتھارٹی گوجرانوالہ کی ٹیم نے علی الصبح شہر کے داخلی راستوں پر ناکوں کے دوران متعدد دودھ سپلائی کرنے والی گاڑیوں کو چیک کیا۔کارروائی کے دوران 18.6میٹرک ٹن دودھ کا معائنہ کیا گیااور7متفرق سپلائرز کے دودھ میں ملاوٹ دیکھنے میں آئی جسکی بنا پر 1260 لیٹر مضر صحت دودھ کو تلف کیا گیا۔کھیالی بائپاس پر واقع مہر ہوٹل کو فریمز کی عدم موجودگی اور اشیا ء خوردونوش زمین پر رکھنے کی بنا پر 2000 روپے جرمانہ عائد کیا ۔ کامونکی میں واقع عمر پیزا ،ندیم دال چاول اور عالم بیکرز کو سابقہ نوٹس پر عمل درآمد نہ کرنے اور کھلے کوڑا دان کی بنا پرفی کس 5000 روپے جرمانہ کیا گیا۔علاوہ ازیں متعدد فوڈ پرائنٹس کو ناقص صفائی کے انتظامات پر وارننگ جاری کی گئی۔ کھیالی شاہ پور ٹائون میں بسم اللہ ہوٹل ،کرمانوالہ ہوٹل ، مورینگو فاسٹ فوڈ اینڈ ریسٹورنٹ کھیالی شاہ پوراور وزیر آباد ٹاؤن میں واقع المحبوب فیملی ریسٹورنٹ ، شامل ہیں ۔