حویلی لکھا: کھلے پاٹک پر ٹرین کی رکشہ کو ٹکر‘ 4 مزدور اور ڈرائیور جاں بحق
حویلی لکھا +اوکاڑہ + (نامہ نگاران+ خصوصی رپورٹر) لاہور سے کراچی جانے والی فرید ایکسپریس حویلی لکھا کے علاقہ قلعہ دیوا سنگھ کے قریب کھلے ریلوے پھاٹک سے گزرنے والے رکشہ سے ٹکرا گئی‘ چار مزدور موقع پر جاں بحق جبکہ رکشہ ڈرائیور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں دم توڑ گیا اور ایک زخمی کو لاہور ریفر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق رکشہ ڈرائیور محمد سلیم اپنے رکشہ پر شہزاد احمد، محمد بلال، احمد علی، یار خان اور محمد رمضان کو قلعہ دیوا سنگھ کے علاقہ میں آلوئوںکی بھرائی کے لئے لے کر جارہا تھا کہ اخترآباد کے کھلے پھاٹک پر رکشہ اور ٹرین کی ٹکر ہوگئی جس کے نتیجہ میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ انکے اعضا دور تک بکھر گئے۔ رمضان زخمی ہوگیا جسے ہسپتال داخل کرادیا گیا ہے۔ مرنے والوں کا تعلق چک بائیل گنج اور فیض پور سے تھا۔ 1122 کے اہلکاروں نے میتوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ علاقہ مکینوں اور مرنے والوں کے لواحقین نے اس واقعہ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ یہاں پر مستقل پھاٹک لگایا جائے۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں حادثے کا ملبہ رکشہ ڈرائیور پر ڈال دیا گیا ہے۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ٹرین کی رکشہ کو ٹکر سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔