• news

سیز فائر کی بھارتی خلاف ورزیاں علاقائی امن کیلئے خطرہ ہیں: کور کمانڈر کانفرنس

راولپنڈی+اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) عسکری قیادت نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے سیزفائر کی مسلسل خلاف ورزیاں علاقائی استحکام کیلئے خطرہ ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 199 ویں کور کمانڈرز کانفرنس گزشتہ روز جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدارت کی۔ سکیورٹی ماحول اور چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر بھارت کی جانب سے سیزفائر کی مسلسل بلااشتعال خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا گیا اور اسے علاقائی استحکام کیلئے ایک خطرہ قرار دیا گیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس نے افغانستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے دہشتگردی کو شکست دینے کیلئے افغان عوام اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ اجلاس کے شرکاء نے انسداد دہشت گردی اور انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ آرمی چیف نے ہدایت کی کہ مطلوبہ اہداف اور منطقی نتائج کے حصول تک یہ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔ بھارت کی طرف سے سرحد پر فائرنگ کی شدید مذمت کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن