آصف زرداری کی ساتھیوں سے مشاورت جلد وطن واپسی کا فیصلہ کر لیا: ذرائع
اسلام آباد (آن لائن) سابق صدر پاکستان و پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اہم سیاسی معاملات پر مشاورت کے بعد وطن واپسی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے اہم سیاسی امور پر معتبر اور قابل اعتماد حلقوں کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ مکمل کر لیا اور وہ جلد دبئی سے واپس پاکستان پہنچیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ آصف زرداری کی وطن واپسی پر قومی معاملات پر بالعموم اور کراچی کے سیاسی امور پر بالخصوص اہم فیصلے متوقع ہیں جس سے سیاسی ہلچل میں بھرپور اضافے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ خیال رہے دو روز قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دبئی میں پارٹی شریک چیئر مین سے ملاقات کی تھی جس میں سندھ کابینہ میں نئے وزراء شامل اور نئے آئی جی پولیس کی تعیناتی سمیت اہم فیصلے کئے گئے تھے۔ علاوہ ازیں آصف علی زرداری اور رحمن ملک سے سابق گورنر سندھ عشرت العباد کی ون ٹو ون ملاقات ہوئی ہے جس میں عشرت العباد کے پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کا جلد اعلان کرنے پر اتفاق جبکہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں آصف علی زرداری اور رحمن ملک نے بحیثیت گورنر سندھ عشرت العباد کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر رحمن ملک نے کہاکہ بھارتی جارحیت کے خلاف ملک کو متحد ہو کر لڑنا ہو گا، موجودہ مشکل حالات سے نکلنے کے لئے پاکستان کو سخت پالیسی اختیار کرنا ہو گی جبکہ عشرت العباد نے بھی رحمن ملک کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو آٹھ نکاتی ایڈوائس پیش کرنے پر تعریف کی۔