• news

اشرف طائی میچ فکسنگ میں ملوث، جرمن حریف سے 5 لاکھ ڈالر لیکر ہارنے کا اعتراف

کراچی + لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ سپورٹس + سپورٹس رپورٹر) کراٹے کے گرینڈ ماسٹر اشرف طائی نے میچ فکسنگ کا اعتراف کر لیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ 1983ءمیں جرمنی کے ہاورڈ جیکسن کے خلاف فائٹ فکس کی تھی۔ وہ پانچ لاکھ ڈالر لے کر میچ ہار گئے تھے۔ پاکستان کے گرینڈ ماسٹر نے میچ فکسنگ کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارشل آرٹس میں بہت فکسنگ ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو میچ میں ہارا وہ ٹائٹل فائٹ نہیں تھی اور نہ ہی اس فائٹ کا تعلق پاکستان سے تھا، فائٹ پاکستان کے پرچم تلے نہیں لڑی تھی۔ پرائیڈ آف پرفارمنس کا اعزاز حاصل کرنے والے اشرف تائی دو دفعہ ایفرو ایشین چیمپیئن رہنے کے ساتھ ساتھ 9 دفعہ قومی کراٹے چیمپیئن بھی رہ چکے ہیں۔ دوسری طرف ان کی اہلیہ ثمینہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اشرف طائی نشہ کرتے ہیں، نشے میں اعتراف کیا۔ ہوش میں تو کوئی ایسے اعتراف نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اشرف طائی سے پرائیڈ آف پرفارمنس واپس لیا جائے۔ انہوں نے اشرف طائی پر بلیک میل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ابھی تو آغاز ہے۔ میرے ساتھ زیادتیوں کا مزید خمیازہ بھگتنا ہو گا۔ اہلیہ ثمینہ نے یہ بھی الزام لگایا کہ اشرف طائی شاگرد لڑکیوں کی مجبوریوں سے بھی فائدہ اٹھاتے ہیں۔ دوسری طرف بین الصوبائی رابطے کے وزیر نے اشرف طائی کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیدیا۔ ریاض پیرزادہ کاکہنا تھاکہ اشرف طائی کا اعترافی بیان قانونی حیثیت رکھتا ہے۔معاملے کے تحقیقات کی جائیگی،جرم ثابت ہونے پر ان کے خلاف سخت کارروائی ہوسکتی ہے۔ پاکستان کراٹے فیڈریشن کے صدر محمد جہانگیر نے کہا ہے کہ اشرف طائی نے میچ فکسنگ کرکے انتہائی گھناﺅنا کام کیا۔ انکے اعتراف کے بعد پاکستان کی بدنامی ہوئی۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اشرف طائی نے پرائیڈ آف پرفارمنس فوری واپس لیا جائے۔
اشرف طائی

ای پیپر-دی نیشن