• news

پنجاب حکومت کا پہلی جماعت سے بارہویں تک قرآن پاک کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنےکا فیصلہ

لاہور (اے پی پی) پنجاب حکومت نے تمام سرکاری سکولوں اور کالجوں میں مسلمان طلباءو طالبات کیلئے قرآن پاک کو اردو ترجمہ کے ساتھ اول جماعت سے بارہویں جماعت تک لازم قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ منصوبے کے تحت صوبہ بھر میں مرحلہ وار قرآن پاک کی تعلیم ناظرہ اور ترجمہ کے ساتھ مسلمان طلبہ کودی جائے گی۔ یہ بات صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں اس حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چیئرمین پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ احمد علی کمبوہ، چیئرمین پیک ناصر ملک اور ایڈیشنل سیکرٹری سکولز ایجوکیشن رانا حسن اختر سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پہلی سے بارہویں جماعت تک سکول اورکالجز میں قرآن کی تعلیم لازمی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ پہلی سے چھٹی جماعت تک ناظرہ جبکہ چھٹی سے دسویں جماعت تک اسلامی واقعات سے متعلق سورتیں پڑھائی جائیں گی اور دسویں سے بارھویں جماعت تک احکامات پر مبنی سورتیں پڑھائی جائیں گی۔ نیز قرآنی سورتیں، احادیث، دعائیں، حضور پاک کی تعلیمات، اخلاق و آداب اور اسلامی شخصیات سے متعلق مواد کو بھی نصاب کا حصہ بنایا جائے گا۔ رانا مشہود احمد خان نے بتایا کہ غیر مسلم طلبہ کیلئے اخلاقیات کی آپشن برقرار رہے گی۔
قرآن کی تعلیم لازمی

ای پیپر-دی نیشن