پسماندگی دور کرنے کیلئے کرپشن کیخلاف جدوجہد تیز کرنے کی ضرورت ہے:سراج الحق
لاہور ( سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کہا ہے کہ ملک و قوم کی پسماندگی دور کرنے اور مسائل کی دلدل سے نکلنے کیلئے کرپشن کیخلاف جدوجہد تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔جو لوگ کہتے ہیں کہ عوام کا اصل مسئلہ کرپشن نہیں ،بنیادی ضروریات زندگی ہیں وہ اپنی کرپشن کو تحفظ دینا اور کرپشن کے خلاف متحد قوم کو ڈی ٹریک کرنا چاہتے ہیں۔ مرکز اسلامی پشاور میں جماعت اسلامی صوبائی ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف جدوجہد کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے اور جو لوگ کرپشن سے نظریں ہٹانے اور اپنی کرپشن کو چھپانے کیلئے کہتے ہیں کہ پانامہ اور کرپشن عوام کا مسئلہ نہیں ان کے پراپیگنڈے کے توڑ کیلئے ضروری ہے کہ کرپشن کے خلاف قوم کو منظم کیا جائے جس دن ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہوگیا پاکستان کو کسی بیرونی امداد اور سودی قرضوں کی ضرورت نہیں رہے گی ۔ انہوں نے کہا پاکستانی مزدور سالانہ 18ارب کا زرمبادلہ کما کر پاکستان میں بھیجتے ہیں مگر حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ سے یہی پیسہ بیرونی بنکوں میں منتقل ہوجاتا ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان پر بیرونی قرضہ 73ارب ڈالر ہے جبکہ پاکستان سے لوٹا گیا 500ارب ڈالر بیرونی بنکوں میں پڑا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سالانہ ہونے والی کھربوں روپے کی کرپشن پر قابو پاکر اور بیرونی بنکوں میں موجود پاکستان دولت واپس لا کر ہم عوام کو تعلیم اورصحت کی مفت سہولتوں کے ساتھ ساتھ بجلی اور گیس انتہائی کم قیمت پر دے سکتے ہیں۔
سراج الحق