• news

ملی یکجہتی کونسل کا حافظ سعید کی نظربندی کیخلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان

اسلام آباد/ لاہور (وقائع نگار خصوصی+ سپیشل رپورٹر) ملی یکجہتی کونسل میں شامل 25سے زائد مذہبی و سیاسی جماعتوں نے ملک میں اسلامی قوانین کے تحفظ اور حافظ محمد سعید کی نظربندی کیخلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ 10فروری اور17فروری کوملک گیر یوم احتجاج منایا جائے گا۔ لاہور سمیت چاروں صوبوں و آزادکشمیر میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ 12فروری کو ناصر باغ سے اسمبلی ہال تک بڑی ریلی نکالی جائے گی جس میں تمام دینی و سیاسی جماعتوں کو شریک کیا جائے گا۔ اسی طرح مارچ میں عظیم الشان تحفظ نظریہ پاکستان کانفرنس ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر کی صدارت اور ھدیة الھادی پاکستان کے چیئرمین پیر سید ہارون علی گیلانی کی میزبانی میں میاں میر منزل پر ہونے والے کونسل کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں شریک دینی و سیاسی قائدین نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، نائب صدر پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، حافظ عاکف سعید، علامہ ابتسام الہٰی ظہیر، مولانا محمد امجد خاں، مولانا امیر حمزہ، قاری یعقوب شیخ، حافظ عبدالغفار روپڑی، سید ضیاءاللہ شاہ بخاری، علامہ امین شہیدی، حافظ کاظم رضا، نیاز حسین نقوی، مولانا اللہ وسایا، پیر سید حبیب عرفانی، سردار محمد خاں لغاری، ثاقب اکبر، آغا نورالحسن گیلانی ، محمد یحییٰ مجاہد ودیگر بھی موجود تھے۔ ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر نے مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے اختتام پر دیگر قائدین کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں خون بہہ رہا ہے، پیلٹ گنوں سے ہزاروں لوگوں کو نابینا کیا جارہا ہے اور پاکستان میں مودی کی خوشنودی کیلئے حافظ محمد سعید ودیگر رہنماﺅں کو نظربند اور ہندوستانی فلموں پر سے پابندی ہٹائی جارہی ہے جس سے پوری قوم کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ حافظ محمد سعید ودیگر رہنماﺅں کی نظربندی سے یہودونصاریٰ کو خوش کرنے کی کوشش کی گئی۔ ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے جہاں اسلامی قوانین کو آئینی تحفظ حاصل ہے لیکن آج ان قوانین کو پاکستان میں پامال کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ حافظ محمد سعید و دیگر کو جس طرح پس دیوار زنداں کیا گیا یہ انتہائی احمقانہ فیصلہ ہے۔ اسے کشمیری و پاکستانی قوم کو مایوسی ہوئی ہے۔ حکومت حافظ محمد سعید و دیگر کی نظربندی فی الفور ختم کرے اور حکومت اپنے اس احمقانہ اقدام پر پوری قوم سے معافی مانگے۔ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا کہ بھارت سے دوستی کی خواہش اور امریکی خوشنودی کے لئے حافظ محمد سعید کی نظربندی کے احکامات کو درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔
ملی یکجہتی کونسل

ای پیپر-دی نیشن