سینٹ مجلس قائمہ دفاع کا اجلاس، لورالائی رہائشی کوارٹرز کے خالی کرانے کے معاملے پر بحث
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سینٹ کی مجلس قائمہ برائے دفاع کو بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی کینٹ کے رہائشی علاقہ میں قائم بتیس غیر قانونی سکولوں کو بند کیا جا رہا ہے۔ تعلیمی سال کے اختتام پر سکول بند نہ کئے گئے تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ مجلس قائمہ کا اجلاس قائم مقام چیئرمین سینیٹر لیفٹینٹ جنرل ریٹائرڈ صلاح الدین ترمذی کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر سردار محمد اعظم خان موسیٰ خیل کی طرف سے ایوان بالا میں لورا لائی کوارٹرز کے رہائشیوں سے کوارٹرز خالی کروانے کے بارے میں پوچھے گئے سوال اور محمد زاہد خان کی طرف سے ویسٹرج راولپنڈی میں پرائیویٹ سکولوں کا معاملہ زیر بحث آیا۔ سینیٹر سردار محمد اعظم خان موسیٰ خیل نے کہا کہ لورالائی کوارٹرز سے بے دخل افراد کو دوبارہ واپس لایا جائے۔
سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے کہا کہ سیکرٹری دفاع نے سدرن کمانڈر سے فون پر مسئلہ کے حل کیلئے بات کی تاحال مسئلہ حل نہیں ہوا۔ پہلی بار بلوچستان کی خواتین احتجاج کیلئے اسلام آباد آئی ہیں۔ سیکرٹری دفاع نے کہا کہ 1972 میں معاہدہ ہوا تھا 258 اصل کوارٹرز تھے معاہدے کے تحت کسی غیر قانونی سرگرمی میں شامل نہ ہونے پر کسی کو نہیں نکالا جاسکتا انتہا پسند فرد کی سرگرمیوں کی وجہ سے اس کے رشتے داروں کو بھی نکال رہے ہیں 34 میں سے 3 رہائشی کوارٹرز میں موجود ہیں۔ سینیٹر ہدایت اللہ نے کہا کہ یہ قانون ایف سی آر سے بھی سخت قانون ہے۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ جی او سی کو کوارٹرز خالی کروانے کا اختیار نہیں۔ تین مالکان نے ابھی تک کوارٹرز خالی نہیں کیے۔ معاہدے کی خلاف ورزی نہ کی جائے۔ سینیٹر عطا الرحمن نے کہا کہ کسی صورت رہائشیوں اور اداروں کی طرف سے غیر قانونی کام نہیں کیا جانا چاہیے۔ سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ معاملہ کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے۔ سینیٹرکرنل ریٹائرڈ طاہر حسین مشہدی نے کہا کہ افواج پاکستان قابل عزت ادارہ ہے دنیا کی بہترین فوج ہے وطن کا دفاع کرکے اپنی عزت میں اضافہ کیا ہے۔ سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ فوج کی عزت کرنی چاہیے لیکن مسئلے کا حل بھی نکلنا چاہیے۔ قائمقام چیئرمین سینیٹر لیفٹینٹ جنرل ریٹائرڈ صلاح الدین ترمذی نے کہا کہ فوج کی ملکی دفاع اور حفاظت کیلئے بیش بہا قربانیاں ہیں معاملے کو حل کرنے کیلئے ممبران کمیٹی قابل عمل تجاویز دیں۔ سینیٹر صلاح الدین ترمذی کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی قائم سینیٹرز عطا الرحمن، جاوید عباسی شامل سینیٹرز سردار محمد اعظم خان موسیٰ خیل اور عثمان خان کاکڑ خصوصی ممبر ہوں گے۔ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ /ویسٹریج میں غیر قانونی سکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ، محرک زاہد خان نے کہا کہ لیز پر دیئے گئے رہائشی علاقوں میں ایک دوسرے سے جڑے ہوئے سکول قائم ہونے سے رہائشیوں کو مسائل اور مشکلات کا سامنا ہے۔ سیکرٹری ڈیفنس نے یقین دہانی کرائی کہ تین ماہ کے اندر 32 غیر قانونی سکولوں کو بند کردیا جائے گا۔ نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں۔