حکومت کاٹیج انڈسٹری کی ترقی کیلئے خصوصی حکمت عملی وضع کرے: ناصر حمید خان
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر محمد ناصر حمید خان نے حکومت پر زور دیا ہے کہ کاٹیج انڈسٹری اور سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کی ترقی کے لیے خصوصی حکمت عملی وضع کرے کیونکہ یہ معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور سیونگ مشین کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سٹینڈنگ کمیٹی برائے کاٹیج انڈسٹری کے کنوینر غلام سرور ملک نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری اور ایس ایم ایز کی طرف توجہ دیکر حکومت غربت اور بے روزگاری کے خاتمے سمیت بہت سے معاشی مسائل حل کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمگلنگ نے کاٹیج انڈسٹری کو بہت بھاری نقصان پہنچایا ہے، اگر سمگلنگ کو آہنی ہاتھوں سے نہ روکا گیا تو یہ مزید تباہ کن کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاٹیج انڈسٹری جو مصنوعات اندرون ملک تیار کررہی ہے وہ درآمد کرنے سے گریز کیا جائے۔