• news

چیئرمین واپڈا کا نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ، تعمیراتی کام کا جائزہ لیا

لاہور (کامرس رپورٹر) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے گزشتہ روز 969میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا اور منصوبے کی مختلف سائٹس بشمول ڈیم ، سپل وے ، ڈی سینڈر ، ڈائی ورشن ٹنل اور پاور ہاﺅس پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔چیئرمین واپڈا نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران منصوبے کی تعمیر کے حوالے سے پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ اس دوران منصوبے پر اہم نوعیّت کے متعدد کام کامیابی کے ساتھ مکمل کئے گئے ہیں اور اب یہ منصوبہ تیزی سے اپنی تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے۔
اُنہوں نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ منصوبے کی دائیں سرنگ کی کھدائی بھی اپریل 2017ءمیں مکمل ہوجائے گی۔ اس اہم پیش رفت کے ساتھ ہی نیلم جہلم پراجیکٹ کی 68.5کلومیٹر طویل سرنگوں کی کھدائی تکمیل کو پہنچ جائے گی۔ تعمیراتی کام کے بارے میں بریفنگ کے دوران چیئرمین واپڈا کو بتایاگیا کہ اگرچہ منصوبے کی تعمیر کا آغاز 2008ءمیں ہوا، تاہم فنڈز کی عدم فراہمی اور تعمیرکے دوران ہی منصوبے کے ڈیزائن میں تبدیلی سمیت دیگر عوامل کی وجہ سے منصوبہ سست روی کا شکار تھا ۔ موجودہ دور میں بیشتر رکاوٹیں دور کی جا چکی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن