اظہر علی مستعفی‘ ون ڈے کپتانی کا تاج سرفراز احمد کے سر سج گیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کی ایک روزہ ٹیم کے کپتان اظہر علی قیادت سے دستبردار ہو گئے ہیں جس کے بعد سرفراز احمد کو کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا کہ اظہر علی نے ون ڈے ٹیم کی قیادت چھوڑنے کے بارے میں آگاہ کردیا ہے اور سرفراز احمد ون ڈے ٹیم کے کئے کپتان ہوں گے۔یاد رہے کہ سرفراز احمد پاکستان کی ٹی20 ٹیم کی قیادت بھی کر رہے ہیں۔دبئی میں پاکستان سپر لیگ کے سلسلے میں موجود پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان، ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق ، کوچ مکی آرتھر سمیت اعلیٰ حکام کی اہم ملاقات ہوئی جس میں پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ذرائع کے مطابق شہریار نے اظہر علی سے علیحدہ ملاقات کی جس میں انہوں نے قیادت چھوڑنے کی پیشکش کی جسے بورڈ نے قبول کیا لیکن وہ بحیثیت بلے باز ون ڈے ٹیم کیلئے خدمات انجام دیتے رہیں گے۔اجلاس کے دوران سینئر کھلاڑیوں مصباح الحق اور یونس خان کے مستقبل پر گفتگو بھی ہوئی اور ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ابھی انہوں نے مستقبل کا فیصلہ نہیں کیا اور پاکستان سپر لیگ کے بعد اس بارے میں فیصلہ کریں گے۔ عمر اکمل، شعیب ملک اور محمد حفیظ کے مستقبل کے بارے میں بھی جلد اہم فیصلہ متوقع ہے۔ اظہر علی نے ٹیسٹ ٹیم کی نائب کپتانی بھی چھوڑ دی اور کہا کہ صرف کھلاڑی کی حیثیت سے اپنی کارکردگی بہتری کرنا چاہتا ہوں۔