تعمیری تعلقات قائم کرنا چاہتا ہوں: ٹرمپ کا چینی ہم منصب کو خط
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کو ایک خط لکھ کر دونوں ملکوں کے درمیان تعمیری تعلقات استوار کرنے پر زور دیا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہائوس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کو ایک خط لکھا جس میں باہمی تعاون سے تعمیری تعلقات قائم کرنے کی بات کہی گئی ہے جو دونوں کے مفاد میں ہوں۔انہوں نے بتایا اس مراسلے میں ٹرمپ نے صدارتی عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دینے کیلئے مسٹر جن پنگ کا شکریہ ادا کیا اور چین کے عوام کو نئے سال کی مبارکباد دی۔ دوسری جانب سینئر امریکی سینٹروں نے مطالبہ کیا ہے ٹرمپ انتظامیہ روس پر عائد پابندیوں میں نرمی سے متعلق کسی بھی فیصلے سے قبل امریکی سینیٹ کی رائے لے۔ یہ مطالبہ ان چہ میگوئیوں کے بعد سامنے آیا ہے، جن کے مطابق صدر ٹرمپ ممکنہ طور پر روس پر عائد پابندیوں میں نرمی کا اعلان کر سکتے ہیں۔ امریکی قانون سازوں کی جانب سے ریپبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم اور ڈیموکریٹ سینیٹر بین کارڈِن کی قیادت میں ’روس پر پابندیوں میں نرمی کا قانون 2017ء ‘ متعارف کروایا گیا ہے۔ اس بل میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کہا گیا ہے کہ وہ روس پر پابندیوں سے متعلق کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل سینٹ سے اس کی منظوری لیں۔ ادھر امریکی محکمہ دفاع نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹرمپ ٹاور میں قیام کے دوران فوجیوں اور سامان رکھنے کے لیے کرائے پر جگہ مانگ لی ہے۔ خاتون اول میلانیا ٹرمپ اوران کے بیٹے بیرن ٹرمپ ٹاورمیں ہی مقیم ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہائوس سے ٹرمپ ٹاور روزانہ آنے جانے کا منصوبہ بنایا ہے۔پینٹاگان کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ سرکاری مشن کی ضروریات کیلئے ٹرمپ ٹاور میں قابل اطلاق قانون کے مطابق محدود رقم سے لیز پر جگہ حاصل کی جائیگی۔ امریکی صدر نے ٹرمپ ٹاور کے کسی حصے کی فروخت یا اپنے اثاثوں کو آزاد منیجر کے ذریعے کنٹرول کو مسترد کردیا ہے۔ پینٹاگون کا کہنا تھا ٹرمپ ٹاور میں فوجی افسروں اور ساز و سامان کیلئے جگہ ملنا ضروری ہے، جو امریکی صدر کے عمارت میں قیام کے دوران انکی سپورٹ کریں گے۔ چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کے حوالے سے لکھے گئے خط کو وصول کرنے کی تصدیق کر دی ہے ۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کھانگ نے جمعرات کو معمول کی پریس بریفنگ میں کہا چین دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔انہوں نے کہا امریکی صدر نے خط میں چین کے نئے قمری سال کی چینی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین تعاون ہی واحد حل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے منصبِ صدارت سنبھالنے کے بعد سے بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان رابطے مسلسل استوار رہے ہیں۔ چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ تنازعات کو کنٹرول میں رکھنے کے ساتھ ساتھ چینی امریکی تعلقات کو عظیم تر اقتصادی و سماجی ترقیاتی سرگرمیوں سے وابستہ کرنا ضروری ہے۔ برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے کہا ہے ٹرمپ کا امیگزیشن پابندی کے حوالیسے ایگزیکٹ آرڈر غلط ہے برطانیہ ایسی پالیسی نہیں اپنائے گا۔ ٹرمپ اٹارنی جنرل جیف سیشنز کی تقریب حلف برداری کے موقع پر 3 ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کئے جن میں سے ایک ڈرگ کارٹلز اور جرائم کرنے والوں کو ہدف بنایا۔ انہوں نے کہا بڑھتے ہوئے جرائم خطرناک ہیں غیر قانونی ہجرت کرنے لاقانونیت کو ختم کیا جائیگا۔ دریں اثنا ٹرمپ کی جانب سے اسقاط حمل میں مدد کرنے والے این جی اوز کو فیڈرل فنڈنگ روکنے کے حکم کے بعد امریکہ میں خواتین نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ امریکہ بھر میں 650 مراکز کے ساتھ کام کرنے والے ادارے پلانڈ ٹریٹن ہڈ کے بارے میں خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسے سب سے پہلے نشانہ بنایا جائیگا۔ ایک خاتون نے کہا ایک عورت کے طور پر میں ٹرمپ کے اقدام کو خود پر حملہ تصور کرتی ہوں۔ ذرائع کے مطابق مئی میں برسلز میں نیٹو کانفرنس میں ٹرمپ شریک ہوں گے، اطلاعات کے مطابق نیٹو کے کے ہیڈکوارٹرز کی تعمیر اس وقت تک مکمل نہیں ہوئی اور ٹرمپ اس نامکمل ہیڈکوارٹرز میں ہونے روالی تقریب میں ہی شرکت کریں گے۔ ہیڈ کوارٹرز کی تعمیر ستمبر میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔