• news

دفاع پاکستان کونسل کا ملک دشمن پالیسیوں کیخلاف ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ

اسلام آباد (آن لائن )دفاع پاکستان کونسل کے رہنمائوں نے حکمرانوں کی ملک دشمن پالیسیوں کیخلاف ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور کہا ہے حکمران بھارت اورامریکہ کو خوش کرنے کیلئے پالیسیاں بنا رہے ہیں ،حافظ سعید کی گرفتاری سے کشمیرکاز کو شدید نقصان پہنچا ہے اور انڈیا کے موقف کو عالمی سطح پر درست تسلیم کیا گیا ہے ملک بھر کی دینی جماعتیں متحد ہوکر حکومت کے خلاف تحریک چلائیں اور ختم نبوت کے قانون کو ختم کرنے والوں حکمرانوں کا راستہ روکیں۔ ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل کے رہنمائوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر دفاع پاکستان کونسل کے چیرمین مولانا سمیع الحق نے اپنے خطاب میں کہاکہ حافظ محمد سعید کی نظر بندی ایک فرد کی نظر بندی کا مسئلہ نہیں اصل میں مقبوضہ کشمیر میں جاری جدوجہد کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے انہوںنے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس کی آزادی کے لیے جو عملی اقدامات کرنے کی ضرورت تھی وہ نہیں ہورہے ۔ انہوںنے کہاکہ حافظ سعید کے خلاف عدالتوں میں کوئی ٹھوس ثبوت نہیں دیئے گئے اب اچانک ایسا کیا مل گیا کہ عدالتی فیصلوں کیخلاف جماعت الدعوہ کے خلاف اقدامات کیئے جارہے ہیں انہوںنے کہاکہ ملک میں اسلامی تشخص کو ختم کرکے لبرل معاشرہ بنانے کی بات کی جارہی ہے ۔ مولانا سمیع الحق نے صدر مملکت کی خاموشی پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں اسلام کے خلاف اقدامات ہورہے ہیں صدر پاکستان کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ حافظ عبدالرحمان مکی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فروری شروع ہونے سے قبل مہم چلاکر حافظ سعید کو گرفتار کرکے مقبوضہ کشمیر میں بہت غلط پیغام دیا گیا۔ کاغذی شیر امریکیوں کی سرگوشی سے ملکی خودمختاری کو دائو پر لگا دیتے ہیں۔ شیخ رشید احمد نے کہاکہ جلسہ جلوس اور تقاریر سے کچھ نہیں ہوگا دینی رہنما مل کر بڑی تحریک چلائیںانہوں نے کہاکہ یہ وقت دوسروں کی جانب نہ دیکھنے اوراپنی باری کا انتظار نہ کریں بلکہ دینی جماعتیں اٹھ کھڑی ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ ابھی حکومت نے شکیل آفریدی کو چھوڑنا ہے اور اسلامی قوانین میں ترامیم کرنی ہیں پاکستان مسلم لیگ کے سینئر نائب صدر اجمل خان وزیر نے کہا کہ حافظ سعید کی نظر بندی کے اعلان سے چند گھنٹے قبل بھارتی فلموں پر پابندی اٹھائی گئی ہم انڈیا اور کشمیریوں کو کیا پیغام دے رہے ہیں۔ ملک میں آئین جمہوریت ہے تو پھر قوم کو بتایا جائے کہ حافظ سعید کو کیوں نظربند کیا گیا۔وقائع نگار خصوصی کے مطابق دفاع پاکستان کونسل کے تحت منعقد آل پارٹیز کانفرنس میں علماء کرام نے مولانا سمیع الحق سے حافظ سعید کی نظربندی اور تحریک آزادی کشمیر کو کمزور کرنے والی جماعتوں کو آئندہ ووٹ نہ دینے کا فتویٰ جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ سمیع الحق نے خبردار کیا ہے کہ یہ فتویٰ جاری کرنے کا موقع آسکتا ہے۔ علما کرام نے واضح کیا ہے کہ محمد نواز شریف کی جماعت مسلم لیگ ن کو قومی اسمبلی کے ہر حلقے میں دائیں بازو کا 50 سے 60 ہزار ووٹ ملتا ہے دینی طبقہ کو دیوار سے لگانے پر مسلم لیگ ن کو اب یہ ووٹ ایسے نہیں ملے گا۔

ای پیپر-دی نیشن