• news

عمران کو غیرملکی فنڈنگ کیس، نااہلی ریفرنس سے بھاگنے نہیں دینگے: مسلم لیگ (ن)

اسلام آباد (آئی این پی+ آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر فضل چودھری اور رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلا ف الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ میں کیسز ہیں، عمران اور جہانگیر ترین غیر ملکی فنڈنگ کیس اور نااہلی کے ریفرنسزسے بھاگنے کی تیاری کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کے وکیل کی طرف سے الیکشن کمیشن میں جواب دینے کی بجائے کیس میں سٹے آرڈر کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کر دی گئی، عمران اور جہانگیر ترین کو بھاگنے نہیں دیں گے، انہیں تلاشی دینا پڑے گی، عمران خان غیر ملکی فنڈنگ کیس میں منی ٹریل کیوں نہیں دے رہے، وزیراعظم فیتے کاٹ کر ملکی ترقی کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو دور کر رہے ہیں، ایک صوبے کے ناکام حکمران اپنے صوبے کو ترقی دینے کی بجائے ہم پر تنقید کر رہے ہیں، تحریک انصاف کی منفی سیاست سے مسلم لیگ (ن) کو فائدہ ہو رہا ہے، 2018کے انتخابات جیتنے کیلئے ہمیں زیادہ محنت نہیں کرنا پڑے گی۔ دریں اثناء وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے کوشاں ہے، پاکستان میں دنیا کے مقابلے میں بہتر قانون سازی ہو رہی ہے، ملک میں انتخابی اصلاحات کے ذریعے بھی خواتین کے حقوق کا تحفظ کیا گیا۔ تحفظ خواتین کے بارے میں قومی مشاورتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا پارلیمنٹ میں بننے والے قوانین کا براہ راست اثر معاشرے پر ہوتا ہے اور خواتین کو تعلیم دیکر بااختیار بنایا جا سکتا ہے جبکہ بچوں کی تعلیم بہترین سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے کہاحکومت تعلیمی اصلاحاتی پروگرام پر عمل پیرا ہے اور تعلیم کے فروغ کیلئے انٹرنیٹ اور دوسرے جدید ذرائع استعمال کر رہی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن