• news

سب سے زیادہ کرپشن حکمران کرتے ہیں، رشوت، سفارش کے بغیر کام نہیں ہو تا: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے قوم دنیا بھر میں پاکستان کو ایک باوقار ملک کی حیثیت سے دیکھنے کے متمنی ہے مگر کرپشن کی وجہ سے پاکستان کی عزت دائو پر لگی ہوئی ہے ، بدیانتی اور کرپشن کو روکنا حکومت کے فرائض میں شامل ہے مگر یہاں سب سے زیادہ کرپشن خود حکمران کرتے ہیں ۔کرپشن کے خلاف ہماری جنگ کسی کی مخالفت میں نہیں بلکہ ہم عام آدمی کے حقوق کیلئے لڑ رہے ہیں ۔ جب تک کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوتا عوام کوتعلیم صحت اور روزگار جیسی بنیادی ضروریات زندگی نہیں مل سکتیں۔ منصورہ میں جاری مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کرپٹ مافیا کی پشت پر عالمی اسٹیبلشمنٹ اور غیر ملکی این جی اوز ہیں ،احتساب سے وہی ڈررہے ہیں جن کے اپنے چہرے داغ دار ہیں۔ پانامہ کیس میں اصل فریق حکمران اور پاکستان کے عوام ہیں،کسی بڑے کو سزا ہوگئی تو چھوٹے چور خود بخود کرپشن سے تائب ہوجائیں گے۔ ہم ملک میں کرپشن کے دروازے ہمیشہ کیلئے بند کرنا چاہتے ہیں۔ کرپشن نے پورے نظام کو کھوکھلا کردیا ہے اور سرکاری محکمے عوام کے خادم بننے کی بجائے حاکم بنے ہوئے ہیں ،عام آدمی کا کوئی کام رشوت اور سفارش کے بغیر نہیں ہوتا۔ کرپشن کو روکنے کیلئے دیانتدار اور باکردار قیادت ضروری ہے ،جس کیلئے انتخابی نظام کو بدلنا ہوگا،انہوں نے کہا کہ انتخابی نظام ایسا ہونا چاہئے جس میں عام آدمی بھی الیکشن لڑ کر اسمبلیوں میں پہنچ سکے اور اربوںخرچ کرنے والوں کا راستہ روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ 9فروری 1984 کوملک میں طلباء یونینز پر پابندی لگائی گئی جو قومی تاریخ کا سیاہ باب ہے ۔ طلباء یونینز پر پابندی غیر آئینی اقدام ہے ،مارشل لاء حکومت نے اپنے مذموم مقاصد کیلئے یہ غیر آئینی قدم اٹھایا تھا۔ حکومت فوری طور پر طلباء یونین سے پابندی اٹھائے۔ انہوں نے بھارت میں جاری بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شاندار کارکردگی اور مسلسل فتوحات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا بلائنڈ ٹیم قوم کو ورلڈ کپ کا تحفہ دے گی۔

ای پیپر-دی نیشن