کراچی:پاکستان اپنادیس لگتا ہے‘ شبنم کا کراچی پہنچنے پر پرتپاک استقبال
کراچی(کلچرل رپورٹر/راشد نور)پاکستان فلم انڈسٹری کی مایہ ناز ہیروئن اداکارہ شبنم نے کہا ہے کہ پاکستان اپنا دیس لگتا ہے اور یہاں آکر غیریت کا احساس نہیں رہتا وہ ڈھاکہ سے پاکستان آمد پر کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں کراچی ایئرپورٹ پر ان کا استقبال آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی ایم ڈی امینہ سید اور پاکستان فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد نے کیا۔ اداکارہ شبنم نے کہا کہ وہ چار سال قبل بھی کراچی آئی تھیں تب بھی بے مثال استقبال ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں50سال میں پہلی مرتبہ اکیلی آئی ہوں۔ اس وقت روبن گھوش کو مس کررہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے صاحبزادے ان دنوں سڈنی میں ہیں ایک سوال کے جواب میں اداکارہ شبنم نے کہا کہ پاکستانی فلموں میں اگر اچھا کردار ملا توضرور کریںگی۔ انہوںنے بتایا کہ وہ16مارچ تک پاکستان میں رہیں گی اور آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے فیسٹیول کے بعد لاہور بھی جائیں گی۔ شبنم نے کہا کہ فلمی صنعت میں ان کی سب سے اچھی دوست زیبا ہیں وہ ان سے ضرور ملیں گی۔ انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ بنگلہ دیش کی فلم انڈسٹری کافی بحران سے گزررہی ہے۔ بنگلہ دیش میں بھی بڑی بڑی عمارتیں بن رہی ہیں وہاں کا نقشہ کافی بدل چکا ہے قبل ازیں پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین اطہر جاوید صوفی‘ صدر عبدالوسیع قریشی اور سیکریٹری پرویز مظہر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کو گلدستہ پیش کیا۔ انہوں نے شبنم کو کراچی پریس کلب کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ ایسوسی ایشن کے وفد میں نائب صدر جنید رضوی‘ اختر علی اختر‘ اشرف میمن شامل تھے۔