دینی جماعتوں کا حافظ سعید کی رہائی کیلئے حکومت پر دباؤ بڑھانے کا فیصلہ
اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جماعۃ الدعوۃٰ کے امیر حافظ محمد سعید کی رہائی کے لئے تمام مکاتب فکر کی دینی جماعتوں کی طرف سے حکومت پر دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں دفاع پاکستان کونسل سے باہر جماعتوں سے رابطے قائم کئے جائیں گے۔ تمام دینی جماعتوں کو حافظ محمد سعید کی رہائی کے یک نکاتی ایجنڈا پر اکٹھا کیا جائے گا۔ حافظ محمد سعید کی رہائی کے لئے مسلم لیگ ن کی حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لئے فتویٰ دینے کی تجویز آئی ہے لیکن جمعرات کو دفاع پاکستان کونسل کی قیادت نے فتویٰ کی تجویز کو موخر کر دیا ہے تاہم وزیراعظم محمد نوازشریف کو اپنا ’’قبلہ‘‘ درست کرنے کا ایک موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ دفاع پاکستان کونسل کی قیادت حافظ محمد سعید کی رہائی کے لئے وزیر داخلہ چودھری نثار سے رابطہ قائم کرے گی اور اس بات پر زور دے گی کہ انہیں فی الفور رہا کیا جائے بصورت دیگر دینی حلقوں میں اس تاثر کو تقویت ملے گی کہ حکومت غیر ملکی دباؤ میں دینی قوتوں کو دیوار سے لگائے گی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت دینی قوتوں کو انتہائی اقدام اٹھانے سے روکنے کے لئے جلد ڈائیلاگ کرے گی اور انہیں عالمی ذمہ داریوں سے آگاہ کرے گی۔