نااہلی ریفرنس: ہائیکورٹ نے عمران کی درخواست پر اٹارنی جنرل سے رائے طلب کرلی
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن میں زیر التوا چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی نااہلی سے متعلق ریفرنس پر کارروائی روکنے کی درخواست پر اٹارنی جنرل آفس سے رائے طلب کر لی ہے۔ عمران خان کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق نے کی۔ چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے بابر اعوان نے موقف اپنایا ان کے موکل کی نااہلی سے متعلق ریفرنس زائد المیاد ہو چکا ہے۔ عدالت نے سوال کیا کیا آپ نے یہ سوال الیکشن کمشن کے روبرو اٹھایا ہے جس پر بابر اعوان نے کہا الیکشن کمشن اس ریفرنس پر سماعت کا اختیار نہیں رکھتا کیونکہ آئینی طور پر یہ ریفرنس 90 روز میں نمٹایا جانا تھا۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ خصوصی عدالتوں میں زیرالتوا مقدمات کیلئے بھی مدت کا تعین کیا جاتا ہے لیکن مقدمات مقررہ مدت کے بعد بھی جاری رہتے ہیں۔ اس پر بابر اعوان نے کہا کہ 90 دنوں میں ریفرنس نمٹانے کی پابندی ایک آئینی پابندی ہے جس کو کسی صورت بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے عدالت کو مزید بتایا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے 5 ستمبر کو درخواست گزار عمران خان کی نااہلی کا ریفرنس الیکشن کمشن میں منتقل کیا، الیکشن کمشن کسی بھی ریفرنس کا 90 روز میں فیصلہ کرنے کا پابند ہے، 4 دسمبر کو 90 روز مکمل ہو گئے اس لئے جب تک آئین میں ترمیم نہیں ہوتی الیکشن کمشن اس زائد المیعاد ریفرنس کی سماعت نہیں کر سکتا۔ اس پر فاضل عدالت نے سماعت 17 فروری تک ملتوی کر دی ہے۔