• news

فاٹا کو خیبرپی کے کا حصہ بنایا اور محرومیوں کا ازالہ کیا جائے: چودھری شجاعت

لاہور/ اسلام آباد (این این آئی) ق لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت سے مسلم لیگ کے مرکزی سینئر نائب صدر اجمل خان وزیر نے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی جس میں خیبرپی کے اور فاٹا کے تنظیمی امور اور عمومی سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ فاٹا ایک عرصے سے بین الاقوامی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، اس سے پہلے فاٹا کی منفرد حیثیت کو تسلیم نہیں کیا گیا تھا اور اس معاملے کو سیاسی مصلحتوں کی بھینٹ چڑھایا گیا۔ چودھری شجاعت نے کہا کہ جب وہ وزیراعظم بنے تھے تو حلف اٹھانے کے تین دن بعد ہی فاٹا اصلاحات پر میٹنگ بلائی تھی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں نے حصہ لیا تھا۔ اس اجلاس میں طے کیا گیا تھا فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے گا، اس کیلئے ایک لائحہ عمل کی بھی منظوری دی گئی تھی۔ چودھری شجاعت نے کہا کہ فاٹا کے بارے میں قومی اتفاق رائے ہو چکا ہے۔ فاٹا کے عوام پاکستانی شہری ہیں اور ان کو دیگر پاکستانیوں کی طرح مساوی حقوق دئیے جائیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن