مشیر تقرری کیس: سندھ حکومت کے وکیل نے پیروی سے معذرت کر لی
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) سپریم کورٹ میں وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیروں کی تقرری سے متعلق اپیل کی سماعت کے دوران حکومت کے وکیل مخدوم علی خان نے کیس کی پیروی سے معذرت کر لی۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ سندھ حکومت کے وکیل مخدوم علی خان پیش ہوئے تو انہوں نے کیس لڑنے سے معذرت کر لی۔ مخدوم علی خان نے کہا خود کو مزید شرمندگی سے بچانا چاہتا ہوں۔ سپریم کورٹ نے ایک فیصلے میں نجی وکلاء کی خدمات کو ناپسند قرار دیا ہے۔ قانون کے مطابق اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو ہی حکومتوں کی نمائندگی کرنی چاہئیے۔ دوہرا معیار نہیں ہونا چاہئے قانون سب کیلئے یکساں ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ممکن ہے یہ فیصلہ مستقبل کیلئے ہو۔ میں نے خود کیس کا فیصلہ نہیں پڑھا، کیا فیصلے میں نجی وکلاء کی خدمات لینے پر پابندی لگائی گئی ہے؟ جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ فیصلے کی ایک وجہ افسران کی جانب سے ذاتی کیسوں میں بھاری فیسوں کی ادائیگی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جب تک ایڈووکیٹ جنرل اس کیس میں مزید بندوبست نہیں کرتے، آپ معاونت کرتے رہیں۔