شوگر ملز کی بندش شریف خاندان کیخلاف بڑا فیصلہ ہے: فواد چودھری، اعجاز احمد
لاہور (خصوصی نامہ نگار+آئی این پی) تحریک انصاف کے رہنمائوں فواد چوہدری اور اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ شوگر ملز کو بند کرنے کے حوالے سے سپریم کورٹ نے شریف خاندان کے خلاف بڑا فیصلہ دیا ہے ، سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود ملز میں کام جاری ہے ،کل تک اگر ملوں میں کام بندنہ ہوا تو سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دیںگے، پاپندی کے باوجود شریف خاندان نے اپنی ملوں کو جنوبی پنجاب میںمنتقل کیا، پانچ سٹے آرڈروں کے باوجود کام جاری رکھا ، شریف خاندان کے خلاف فیصلوں کا آغا ز ہو گیا ہے ان پر پابندیاں بھی لگیں گی اور یہ نااہل بھی ہوںگے، اگرسپیکر پنجاب اسمبلی 20 فروری تک وزیراعلیٰ کے خلاف ریفرنس پر فیصلہ نہیں کرتے تو دوبارہ لاہور ہائیکورٹ سے رجو ع کریںگے۔ ادھر ایک بیان میں جہانگیر خان ترین نے کہاہے کہ پاکستان میں بڑی سے بڑی شخصیت کو بھی قانون کے تابع ہونا چاہئے،میں نے شریف خاندان کے ساتھ دو سال تک طویل قانونی جنگ لڑی،شریف خاندان نے ہر قانون کی خلاف ورزی کی،سپریم کورٹ کے احکامات خوش آئند ہیں اور ثابت کرتے ہیں کہ وقت بدل رہا ہے۔