• news

شکرگڑھ: طبی امداد نہ ملی، ڈلیوری کیلئے ہسپتال لائی گئی خاتون جڑواں بچوں سمیت جاں بحق

شکرگڑھ (نامہ نگار) بروقت طبی امداد نہ ملنے پر ڈلیوری کیلئے لائی گئی خاتون لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے گائنی وارڈ کے باہر تڑپ تڑپ کر دم توڑ گئی۔ لواحقین پر غشی کے دورے۔ نواحی گائوں رامبڑا کے رہائشی ایک ہاتھ سے معذور نوجوان سلامت علی کی بیوی رضیہ کو زچگی کے لئے شکرگڑھ سے نارووال ہسپتال لایا گیا تو ڈاکٹروں نے بتایا کہ جڑواں بچوں کی پیدائش ہے، اسکو لاہور لے جائو، محنت کش بیوی کو اپنی ساس حفیظاں بی بی کے ہمراہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال لاہور لے گیا۔ سلامت علی نے بتایا کہ گائنی وارڈ کے باہر کئی گھنٹوں تک ڈلیوری کیلئے خاتون تڑپتی رہی لیکن کسی نے نہ سنی اور طبی امداد نہ ملنے سے خاتون دونوں جڑواں بچوں سمیت جاں بحق ہو گئی۔ بیوی کو ہاتھوں میں دم توڑتا دیکھ کر خاوند ہواس کھو بیٹھا۔ میت کوآبائی گائوں لایا گیا اور مقامی قبرستان میں نماز جنازہ کے بعد تدفین کر دی گئی۔ معذور سلامت علی نے اپنے دونوں بچوں اور بیوی کے فوت ہو جانے پر عملہ کی لاپرواہی پر احتجاج کرتے ہوئے انصاف کی اپیل کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن