پی سی بی پر کوچنگ سٹاف کا پوسٹ مارٹم کرنے کیلئے دباﺅ بڑھ گیا
لاہور ( نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ پر کوچنگ سٹاف کا پوسٹ مارٹم کرنے کے لئے دباو بڑھ گیا ، پی سی بی حکام نے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کی رخصتی پر غور شروع کر دیا جبکہ فیلڈنگ کوچ سٹیو رکسن اور فزیو شان ہیز کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔حالیہ عرصے میں کروڑوں روپے خرچ کرنے کے باوجود پاکستانی فیلڈرز کی مہارت میں بہتری کے کوئی آثار دکھائی نہیں دے رہے۔ کرکٹ ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے پی سی بی حکام نے غیر ملکی کوچز اور سپورٹ سٹاف کی خدمات حاصل کیں جنہیں لاکھوں روپے ماہانہ تنخواہ دی جا رہی ہے لیکن سامنے آنے والے نتائج اس بات کی نشاندہی نہیں کر رہے ہیں کہ ان میں سے کوئی بھی اپنی ذمہ داری کو احسن طور پر نبھانے میں ناکام ہے۔ہیڈ کوچ مکی آ رتھر 16لاکھ روپے ماہانہ جبکہ بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، ٹرینر گرانٹ لیوڈن، فیلڈنگ کوچ سٹیو رکسن، فزیو شان ہیز اور بولنگ کوچ اظہر محمود میں سے ہر ایک کو سات سے آٹھ لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ دی جا رہی ہے مگر اس کے باوجود کوئی تبدیلی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔ بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور گزشتہ تین سال سے ٹیم کے ساتھ ہیں مگربیٹسمین کسی بھی طرح ٹھیک ہونے کا نام نہیں لے رہے۔