بھارت کبھی پاکستان کیخلاف جارحیت کی غلطی نہیں کریگا: ڈاکٹر عبدالقدیر
اسلام آباد ، لاہور (آن لائن+ نیوز رپورٹر) پاکستانی ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایٹمی میدان میں بھارت سے پیچھے نہیں،ہماری ایٹمی طاقت سے بھارت اچھی طر ح با خبر ہے، وہ کبھی جارحیت کی غلطی نہیں کر ے گا۔ ہمارے پاس سب کچھ ہے لیکن دیانتدار لیڈر شپ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر عبدالقدیر نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دفاعی لحاظ سے ایٹمی میدان میں بھارت سے پیچھے نہیں، ایٹمی محاذ پر آج ہم جہاں کھڑے ہیں دوسروں کی نسبت بھارت زیادہ جانتا ہے۔ ہماری طاقت کی وجہ سے بھارت ہم سے جارحیت نہیں کرتا۔ دشمن ہمارا بال بھی بیکا نہیں کر سکتا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر نے کہا کہ بھارت کی کوشش سپر پاور بننے کی ہے ہم سے لڑنے کی نہیں۔دریں اثنا لاہور میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال شوکت ورک کی قیادت میں میڈیکل وفد سے ملاقات میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ غریب عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں تاکہ ان کو صحت سے متعلق مسائل میں کمی لائی جا سکے جبکہ پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں کھڑا کرنے کے لئے تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ایمرجنسی کا اعلان کرے۔ مخیر حضرات کی مدد سے پاکستان میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ اس کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پرائیویٹ سیکٹر اور حکومت دونوں کو ملکر تعلیم کو فروغ دینا ہوگا جس کیلئے ہر سال بجٹ میں رقم کو دوگنا کرنے کی ضرورت ہے۔