مودی کی خوشنودی کیلئے حافظ سعید کو نظربند کرنیوالے میر جعفر کا انجام یاد رکھیں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کہا ہے کہ ٹرمپ اور مودی کی خوشنودی کیلئے حافظ سعید کو نظربند کرنے والے حکمران میر جعفر اور میر صادق کا انجام یاد رکھیں۔ حافظ سعید کو نظر بند کرکے حکمرانوں نے ٹرمپ کو یقین دلا دیا ہے کہ وہ اس کے احکامات پر آنکھیں بند کرکے عمل کریں گے۔ ٹرمپ کے آنے سے مشرف ایک بار پھر متحریک ہوگئے اور دبئی میں لوگوں کو بلا کر ملک کی تقدیر بدلنے کے دعوے کئے جا رہے ہیں۔ وہ کونسا اختیار تھا جو مشرف کے پاس نہیں تھا مگر انہوں نے پاکستان کو امریکی اصطبل اور دنیا بھر کی سراغ رساں اور تخریب کار ایجنسیوں کیلئے خالہ جی کا گھر بنائے رکھا جس سے دہشت گردی اور بدامنی کے تحفے ملے۔ جامع مسجد منصورہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی استعمار اسلام اور مسلمانوں کے خلاف متحد ہو رہا ہے لیکن افسوس آج دنیا میں کوئی اسلامی حکومت یا شخصیت ایسی نہیں جو امت کی نمائندگی کرے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے مہرے احتساب کے نام سے تھر تھر کانپ رہے ہیں، جب بھی حقیقی احتساب ہوا ایوانوں میں بیٹھے بڑے بڑے مگر مچھ جیلوں میں ہونگے اور دولت کے بل بوتے پر عوام پر مسلط ہونے والے حکمران کٹہرے میں کھڑے ہونگے۔ سراج الحق نے کہا کہ حکمران مغرب اور اس کے ڈالروں پر پلنے والی این جی اوز کی خواہش پر توہین رسالتؐ کے قانون میں ترمیم کیلئے پر تول رہے ہیں اور بہانہ بنایا جا رہا ہے کہ اس قانون کا غلط استعمال ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ممتاز قادری کو پھانسی پر لٹکا دینے کے بعد حکمرانوں کے حوصلے بلند ہو گئے لیکن وہ یاد رکھیں ناموس رسالتؐ کے قانون میں ترمیم کی گئی تو بیس کروڑ عوام اسے برداشت نہیں کریں گے۔