• news

کراچی: کے فور منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے کام کی رفتار تیز

کراچی (سٹاف رپورٹر) کے فور منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے کام کی رفتار میں مزید تیزی آگئی۔ اس وقت 124کلومیٹر طویل راہداری کے20 مختلف مقامات پر ساڑھے تین سو سے زائد ہیوی مشینیں دن رات کام میں مصروف ہیں۔ کنجھر جھیل کے مقام پر انٹیک چیمبر کی تعمیر کے لیے کُھدائی کا 20فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے اور جھیل کے اندر ڈرجنگ کے عمل میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ جبکہ ٹھٹھہ سے دیہہ اللہ پھائی تک کینال کے لئے کُھدائی اور بھرائی کا کام بھی پوری رفتار سے جاری ہے۔ یہ بات ایف ڈبلیو او کے دفتر میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس کے موقع پر کے فور کے پروجیکٹ ڈائریکٹر سلیم صدیقی نے بتائی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے کرنل انیس نے بتایا کہ ہیوی مشینوں اور ورکرز کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے۔ مختلف سائفن اور کلورٹس کا کام اگلے ماہ سے شروع کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر سلیم صدیقی نے کہا کہ دیوان سیمنٹ فیکٹری کے عقب اور دیگر مقامات پر پہاڑوں اور چٹانوں کو توڑنے کا صبرآزما کام پر بھی بھرپور توجہ دی جارہی ہے۔ کنجھر جھیل سے کراچی تک پانی کی فراہمی کے حوالے سے حفاظتی نکتہ کو مدِنظر رکھنے کے ساتھ ساتھ معیاری تعمیر کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں تعمیراتی کمپنی ایف ڈبلیو اور پرجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے انجینئرز شب وروز منصوبے کے مختلف مراحل پر کام کررہے ہیں۔ کے فور ایک بڑا چیلنج ہے اور انشاء اللہ اس کی تکمیل کے بعد کراچی میں پانی کی کمی کے مسئلہ پر خاصی بہتری آئے گی۔

ای پیپر-دی نیشن