غیرمعیاری سٹنٹس کے بھی رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف
غیرمعیاری سٹنٹ بھی رجسٹرڈ ہیں‘ سینٹ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا انکشاف
سینٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں اس انکشاف سے معلوم ہوتا ہے کہ ڈرگ مافیا کس قدر منظم انداز میںانسانی جانوں سے کھیل رہا ہے۔ جن غیر معیاری سٹنٹوں کی وجہ سے انسانی جانوں کا ضیاع ہوا اور غریب مریضوں کو مہنگے داموں یہ غیرمعیاری اور سستے سٹنٹ لگائے گئے وہ بھی جعلسازوں اور انسانیت کے دشمن منافع خوروں نے متعلقہ حکام سے ملی بھگت کرکے باقاعدہ رجسٹرڈ کرا رکھے تھے۔ کیا انکی خریداری کے وقت یا ان کو رجسٹرڈ کرتے وقت کسی حکومتی ذمہ دار اتھارٹی نے ان کا معیار چیک نہیں کیا۔ غیرمعیاری ہونے کے باوجود ان کو کس طرح رجسٹرڈ کیا گیا اور انہیں فروخت کرنے کی اجازت دی گئی۔ ڈاکٹر حضرات نے کس طرح ان غیر معیاری سٹنٹ کو منگوانے کا نسخہ لکھا صاف ظاہر ہے اس کام میں بہت سے لوگ اور ادارے مل جل کر پیسے کما رہے تھے اورغریب مریضوں کی جان ومال سے کھیل رہے تھے۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اس دھندے میں ملوث افراد اور اداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں کڑی سے کڑی سزا دے۔ جو لوگ پیسے کی ہوس میں انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیںوہ کسی رعایت کے مستحق نہیں۔