• news

وزیراعظم کابینہ اجلاس میں فاٹا کو ضم کرنیکا اعلان کرینگے: گورنر خیبر پی کے

چارسدہ (آئی این پی) گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا بینہ کے آئندہ اجلاس میں فاٹا کو خیبر پی کے میں ضم کرنیکا باقاعدہ اعلان کرینگے۔ وفاقی وزیر سرتاج عزیز کی سربراہی میں ریفارمز کمیٹی نے فاٹا کے تمام علاقوں کا دورہ کرکے عوام، ارکان پارلیمنٹ اور دیگرسٹیک ہولڈر کی رائے معلوم کرکے تفصیلی رپورٹ اور سفارشات وزیر اعظم کو پیش کئے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی کے تحفظات بہت جلد دور کئے جائینگے۔ افغانستان اور پاکستان میں امن ایک دوسرے سے وابستہ ہے۔ وہ چارسدہ میں سابق مسلم لیگی رہنماء اورنگریب خان کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔اس موقع پر ضلعی صدر میاں ہمایون شاہ کاکا خیل ، رمضان خان رجڑ ، صفایت اللہ اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔ گورنر خیبر پی کے اقبال ظفر جھگڑ ا نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کیلئے وہاں کی عوام کی رائے اور خواہشات کے مطابق فاٹا کو خیبر پی کے میں ضم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے اور وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف باضابطہ اعلان کرینگے۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم فاٹا کے مستقبل کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی کے تحفظات بہت جلد دور کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر سرتاج عزیز کی سربراہی میں عبدالقادر بلوچ، زاہد حامد اوران پر مشتمل کمیٹی نے فاٹا کے تمام علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے وہاں کے عوام، سول سوسائٹی، ارکان پارلیمنٹ اور دیگر سٹیک ہولڈر کی رائے معلوم کرکے تفصیلی رپورٹ اور سفارشات مرتب کئے جبکہ فاٹا کے ایم این ایز اور سینٹرز کے سفارشات کو بھی رپورٹ کا حصہ بناکر وزیر اعظم کو کتابی شکل میں پیش کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت فاٹا کے عوام پر اپنی طرف سے کوئی فیصلہ مسلط نہیں کر رہی بلکہ فاٹا کے عوام کو اپنے مستقبل کے حوالے سے مختلف آپشن دی گئے جن میں علیحدہ صوبہ، گلگت بلتستان سٹائل اور خیبر پی کے میں ادغام کا اپشن شامل تھا۔

ای پیپر-دی نیشن