مردم شماری سے قبل دھاندلی کیخلاف اختیارات کیلئے سپریم کورٹ جائیںگے: فاروق ستار
حیدرآباد (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے مردم شماری سے قبل دھاندلی‘بلدیاتی اداروں کے اختیارات اور سندھ میں اڑھائی لاکھ نوکریاں کن کو دی گئیں؟ کے سوالات لیکر سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا مردم شماری سے قبل ہی نئے ہائوسنگ بلاکس آسمان سے آگئے ہیں۔ 2012ء میں سندھ کے شہری علاقوں میں مکانات اٹھارہ ہزار پانچ سو تھے اور دیہی علاقوں میں سولہ ہزار پانچ سو تھے۔ 2016ء میں سندھ کے دیہی علاقوںمیں زیادہ اور شہری علاقوں میں کم مکانات دیکھے جا رہے ہیں اور سندھ کے شہروں کی آبادی کم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا ٹاک شو کے دوستوں کو 2018ء کا انتظار نہیں کرائیں گے۔ 2018ء کے الیکشن میں پتہ لگ جائے گا حیدرآباد ایم کیو ایم کا ہے یا نہیں مثبت سوچ کے حامل ہیں۔ ہارنے والی جماعتوں کو سیاسی جماعت نہیں کہتے۔ ہر جماعت کو اختلاف رائے کا حق حاصل ہے۔ سیاست میں کسی سے دشمنی نہیں۔ 17 فروری کو فیصلہ دیدیں گے۔ کسی کو گمان نہیں کرنے دیں گے کہ ایم کیو ایم حیدرآباد میں کمزور ہو گئی۔ الیکشن میں پتہ چل جائے گا مردم شماری سے متعلق پھر سازش کی جا رہی ہے۔ مردم شماری سے متعلق سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔ 17 فروری کو حیدرآباد میں اپنی طاقت ثابت کریںگے۔ سندھ کے عوام اس مردم شماری کو مسترد کر دیں گے۔