لیبیا:بحری محافظوں نے 100 سے زائد تارکین وطن کو ڈوبنے سے بچا لیا
طرابلس/ برسلز (آئی این پی) لیبیا کے بحری محافظوں نے طرابلس کے ساحل کے قریب سمندر میں بہنے والی خستہ حال ربڑ کی کشتی پر سوار100 سے زائد تارکین وطن کو ڈوبنے سے بچا لیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق لیبیا کے بحری محافظوں نے رواں ہفتے خستہ حال ربڑ کی کشتی پر سوار100 سے زائد تارکین وطن کو بچایا جن میں ایک نوزائیدہ بچہ بھی شامل تھا۔ رواں سال اب تک تقریباً 9,500 تارکین وطن کشتیوں کی ذریعے بحیرہ روم کو پار کر کے اٹلی جا چکے ہیں اور 2017ء میں ان افراد کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہو سکتا ہے۔ ادھر یورپی یونین نے لیبیا کی سکیورٹی فورسز اور بحری محافظوں کی کارکردگی کو بہتر کرنے کے لئے رواں ماہ طرابلس کی حکومت کو 21 کروڑ تیس لاکھ ڈالر کی معاونت فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ تاہم اٹلی لیبیا کے بحران کے مستقل سیاسی حل کے لئے نئی کوشش کا متمنی ہے اور وہ اس سلسلے میں تعاون کے لئے ماسکو کی طرف بھی دیکھ رہا ہے۔