ترک سکول کے عملے نے پاکستان میں مزید قیام کیلئے اقوام متحدہ سے رجوع کر لیا
اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان میں قیام پذیر پاک ترک سکول کے عملے نے ویزے میں توسیع سے انکار کے بعد پاکستان میں مزید قیام کیلئے اقوام متحدہ سے رجوع کرلیا ہے۔ سکول عملے کی جانب سے اقوام متحدہ کو لکھی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ترکی پہنچنے پر انہیں گرفتار کر لیا جائیگا جس کے بعد ان کی جانوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے ویزے میں توسیع سے انکار کے بعد پاک ترک سکولوں کے 108اساتذہ نے اقوام متحدہ سے رجوع کیا ہے۔ ترک عملے کی جانب سے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین سے درخواست کی گئی کہ انہیں ترکی کے علاوہ کسی بھی دوسرے ملک میں آباد کیا جائے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ترکی میں اردگان انتظامیہ انہیں فتح اللہ گولن کی تنظیم سے وابستگی کی بنیاد پر گرفتار کر سکتی ہے۔ ترک اساتذہ کی جانب سے کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکومت نے انہیں ویزے میں توسیع دینے سے صاف انکار کردیا ہے جس کے بعد وہ پاکستان میں مزید قیام نہیں کر سکتے۔