• news

سراج الحق نے عمران کے ساتھ کھڑا ہوکر مولانا مودودی کا نظریہ دفن کردیا: امیر مقام

پشاور (این این آئی+نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیرمقام نے کہا ہے کہ ہمارے قائد محمد نوازشریف اب خیبر پی کے سمیت ملک بھر کے جوانوںکے دلوں پر قیادت کررہے ہیں، نوازشریف کی قیادت وطن عزیز اور آزادکشمیر کیلئے ناگزیر ہیں کیونکہ محمد نواز شریف کا وژن بلا امتیاز خدمت ہے۔ سراج الحق صاحب نے عمران خان کے ہم پلہ کھڑا ہوکر مولانا مودودی صاحب کا نظریہ دفن کردیا، عمران کیساتھ ملکر سراج الحق صاحب کونسا اسلامی نفاذ چاہتے ہیں؟ آئندہ عام انتخابات میں تبدیلی والوں کی ضمانت ضبط کرائیں گے، سراج الحق صاحب نے دو وزارتوں اور ایک سینیٹرشپ کیلئے پارٹی کی منشور کو قربان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ فاٹااصلاحات ہر صورت میں ہوکررہیںگے،فاٹا اصلاحات کا آغاز بھی محمد نواز شریف کی مرہون منت ہے اور نفاذ کو عملی جامہ پہنانے کا سہرا بھی ہمارے قائد محمد نواز شریف کے سرہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تالاش، ضلع لوئر دیر میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیرمقام نے کہاکہ خیبرپی کے میں اصلی اور پائیدار تبدیلی شیر پر مہر لگانے سے آئیگی جس کا خیبرپی کے کے عوام بے صبری سے انتظار کررہے ہیں، محمدنوازشریف کی قیادت میں ترقیاتی منصوبوں اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے سے مخالفین حواس باختہ ہوگئے ہیں، انکی سیاست کا خاتمہ ہوگیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن